ماہرین نے ہمیشہ موبائل فون پر ہیکرز کے حملے کے خطرات سے خبردار کیا ہے لیکن بعض اوقات ہمارے قریب ترین لوگ بھی ہمارے فون کی جاسوسی کر سکتے ہیں۔
’نیویارک پوسٹ‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق کیو آر کوڈ جنریٹر کے سی ای او مارک پورکار نے خبردار کیا کہ آپ کا پارٹنر یا کوئی قریبی شخص بھی نگرانی کے جدید سافٹ ویئر کا استعمال کرتے ہوئے آپ کے علم میں لائے بغیر آپ کے ٹیکسٹ پیغامات، کالز اور یہاں تک کہ آپ کے مقام کی نگرانی کر سکتا ہے۔
یہ بہت آسان ہے اگر انہیں آپ کے سیل فون تک رسائی حاصل ہو اور وہ کوئی ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے سپائی ویئر انسٹال کر سکتے ہیں۔ ’نیویارک پوسٹ‘ نے مارک پورکار کے حوالے سے چند ایسی علامات کی فہرست دی ہے، جو اس بات کی نشاندہی کر سکتی ہیں کہ کسی اور نے آپ کے فون کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
بیٹری
اگر آپ کا سمارٹ فون چارج نہیں اور اچانک بند ہو جاتا ہے تو اس کی وجہ سپائی ویئر ہو سکتا ہے جو آپ کی بیٹری ختم کر رہا ہے، کیوں کہ یہ ایپس پس منظر میں مسلسل چلتی رہتی ہیں، کبھی سلیپ موڈ میں نہیں جاتیں اور ریموٹ سرور پر ڈیٹا بھیجنے کے لیے فعال کنکشن کی ضرورت ہوتی ہے۔
فون کا زیادہ گرم ہونا
اگر آپ کا فون ہمیشہ گرم رہتا ہے اور کبھی ٹھنڈا ہوتا نظر نہیں آتا تو ہو سکتا ہے کہ وہ آپ کا ڈیٹا منتقل کر رہا ہو کیوں کہ سپائی ویئر چلانے پر فون گرم ہو جاتے ہیں۔
ڈیٹا کا زیادہ استعمال
جن لوگوں کو شک ہے کہ ان کی جاسوسی ہو رہی ہے، انہیں مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے فون کا ڈیٹا استعمال چیک کریں، کیوں کہ کچھ جاسوسی ایپس بہت زیادہ ڈیٹا استعمال کرتی ہیں، خاص طور پر جب وہ تصاویر بھیجتی ہیں یا آپ کی آواز ریکارڈ کرتی ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایک اور عجیب طریقہ جس سے آپ کا فون آپ کے پیچھا کرنے والے پارٹنر کی شناخت میں مدد کر سکتا ہے، وہ یہ ہے کہ اگر یہ بے ترتیب طور پر آن ہو جاتا ہے یا جب آپ اسے استعمال نہیں کر رہے ہوتے تو آوازیں نکالتا ہے، کیوں کہ کچھ جاسوسی سافٹ ویئر کسی اور کو آپ کے فون تک دور سے رسائی کی اجازت دیتے ہیں۔ مثال کے طور پر، آپ کی گفتگو سننے یا آپ کے علم کے بغیر آپ کے اردگرد کا ماحول دیکھنے کے لیے۔
آخر میں، اگر آپ کو کوئی ایسا ٹیکسٹ پیغام موصول ہوتا ہے جس میں غیر معمولی حروف یا کوڈز ہوں، تو یقینی طور پر یہ کچھ مشکوک ہے۔ نیز اگر آپ دیکھتے ہیں کہ پیغامات آ رہے ہیں اور پھر غائب ہو رہے ہیں یا آپ کو ایسی ایپس کی اطلاعات نظر آتی ہیں، جنہیں آپ نہیں پہچانتے، تو فوراً اپنا فون چیک کریں۔
مارک پورکار کا مشورہ ہے کہ ’ایسی ایپس اَن انسٹال کر دیں جنہیں آپ نہیں جانتے۔ معتبر سافٹ ویئر سے سکیورٹی سکین چلائیں اور مشکوک ایپ پرمیشنز چیک کریں۔ اگر آپ اپنا فون چیک کرتے ہیں اور پتہ چلتا ہے کہ اس کی ہسٹری ڈیلیٹ کر دی گئی ہے تو شاید اس کا مطلب یہ ہے کہ کسی نے کوئی ایپ استعمال کی، کچھ تلاش کیا اور وہ کوئی سراغ نہیں چھوڑنا چاہتا۔‘