پاکستان کے ’بھلا‘ دیے گئے ہاکی ہیروز کے لیے بنی ویب سیریز ’شمشیر‘

ویب سیریز کی پروڈیوسر نینا کاشف نے بتایا کہ یہ ہاکی پر مبنی سیریز پاکستان کے ہیروز کے لیے ہے جنہیں شاید آج یاد نہیں رکھا جا رہا ہے۔

پاکستان میں فلمیں اور ڈرامے تو بے تحاشہ بنتے ہیں، مگر کھیلوں کے موضوع پر شاذ و نادر ہی کوئی توجہ دی جاتی ہے۔

اس ضمن میں سپورٹس سٹریمنگ ایپ ’ٹیپ میڈ‘ نے پاکستان کے قومی کھیل ہاکی سے منسلک کہانی پر ایک ویب سیریز بنائی ہے جو چھ اقساط پر مشتمل ہے۔

پروڈیوسر نینا کاشف کی پیشکش ’شمشیر‘ کے مرکزی کرداروں میں فرحان سعید، عمر عالم اور حریم فارق شامل ہیں، جبکہ دیگر اداکاروں میں خالد انعم، عدنان جعفر اور دیپک پروانی شامل ہیں۔

اس ویب سیریز کی کہانی ہاکی کے ایک سابق کھلاڑی کے گرد گھومتی ہے جو اپنی ٹیم بنا کر خود کو ثابت کرنا چاہتا ہے۔

اس موقع پر اس ویب سیریز کی پروڈیوسر نینا کاشف نے بتایا کہ یہ ہاکی پر مبنی سیریز پاکستان کے ہیروز کے لیے ہے جنہیں شاید آج یاد نہیں رکھا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اس وقت جب چیمپیئنز ٹرافی ہونے والی ہے، یہ وقت ہے کہ ہم لوگوں کو بتائیں کہ ہماری ہاکی کا ماضی کتنا تابناک ہے، اور ہم کتنے بڑے ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شمشیر میں شمشیر کا کردار کرنے والے فرحان سعید نے کہا کہ جب انہیں یہ کردار ملا تو انہیں خوشی ہوئی کہ کبھی ہاکی کے لیے ایسی چیز بنی نہیں تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ سکول میں ہاکی کھیلتے تھے، لیکن اس کے لیے خاص محنت کی تھی کیونکہ ہاکی ایک مشکل کھیل ہے اور مشقت زیادہ لگتی ہے۔

اداکار عمر عالم کہتے ہیں کہ وہ حارث کا کردار کر رہے ہیں جو شمشیر کو واپس ہاکی کی جانب لے کر آتا ہے، تاکہ وہ زندگی کا مقصد ڈھونڈے اور سرخرو ہو۔

اداکارہ حریم فاروق شمشیر کی اہلیہ کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک ایسی بیوی کا کردار کر رہی ہیں جو اپنے شوہر کے لیے بہت زیادہ قربانیاں دیتی ہے۔

سابق اولمپیئن قمر ابراہیم جو 1992 میں بارسلونا اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے، نے اس کاوش کو سراہا، کہ عوام کو معلوم ہوگا کہ ہاکی بھی ایک کھیل ہے اور ہمارا قومی کھیل ہے۔

قمر ابراہیم کا کہنا تھا کہ ’آج کل جو ہاکی کے کھلاڑی ہیں انہیں کوئی جانتا بھی نہیں ہے، جبکہ پرانے کھلاڑیوں کو لوگ آج بھی پہچان جاتے ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹی وی