پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے ای) نے کراچی کی کاروباری برادری کی نجی فضائی کمپنی ’ایئر کراچی‘ کو ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس جاری کر دیا ہے جس کے بعد نئی ایئر لائن کے پروازوں کا جلد آغاز متوقع ہے۔
’ایئر کراچی‘ کے شراکت داروں میں شامل حنیف گوہر نے لائسنس ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے رواں سال جنوری میں لائسنس کے لیے درخواست دی تھی اور چھ مہینوں کی قلیل اور ریکارڈ مدت میں لائسنس جاری ہو گیا۔
انہوں نے بتایا لائسنس کے اجرا کے لیے بہت سے اداروں کی کلیئرنس اور اجازت درکار ہوتی ہے اور ’ہمیں خوشی ہے کہ اتنا جلدی لائسنس مل گیا۔ بہت جلد فلائٹ آپریشنز کا آغاز بھی ہو گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پروازوں کے آغاز کے لیے ایک اور اجازت نامہ درکار ہے، جو دو مہینوں میں جاری ہو گا، مگر ’ایئر کراچی‘ کی انتظامیہ جلد ہی یہ اجازت نامہ بھی حاصل کر لے گی۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ابتدا میں اندرون ملک پروازیں چلائی جائیں گے جس کے ایک سال بعد عالمی آپریشن بھی شروع ہو جائے گا۔
’ابتدائی طور پر 180 مسافروں کی گنجائش والے تین جہاز کرائے پر لیے جائیں گے۔ یوں 540 مسافروں سے آپریشنز کا آغاز ہو گا۔‘
انہوں نے بتایا کہ زیادہ سے زیادہ دو مہینوں میں فلائٹ آپریشن شروع ہو جائے گا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’ہم کرائے کے جہاز تلاش کر رہے ہیں، مگر حج آپرینز اور چھٹیوں کے باعث بڑی تعداد میں جہاز مصروف ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ چھٹیاں اور حج آپریشن ختم ہونے کے بعد جہاز ملنے پرآپریشنز کا آغاز ہو جائے گا۔
سی اے اے کی دستاویز کے مطابق ’ایئر کراچی‘ کو لائسنس پانچ جون کو جاری ہوا، جس کی پانچ لاکھ روپے فیس اور 10 کروڑ روپے سیکورٹی ڈپازٹ ہیں۔
اس سے پہلے سیالکوٹ کی کاروباری برادری نے 2017 میں سی اے اے کی اجازت ملنے کے بعد فضائی کمپنی ایئر سیال شروع کی تھی۔
ابتدا میں اندرون ملک پروازوں کے بعد 29 مارچ، 2023 کو کمپنی نے عالمی سطح پر کام شروع کیا اور پہلے مرحلے میں دبئی اور مسقط کے لیے پروازیں چلائیں۔