امریکہ میں سیلاب سے 78 اموات، صدر ٹرمپ کا دورہ متوقع

امریکی ریاست ٹیکساس میں شدید بارشوں کے بعد اچانک آنے والے سیلاب سے اموات کی تعداد کم از کم 78 ہو گئی ہے، جب کہ درجنوں افراد تاحال لاپتہ ہیں، جن میں بچے بھی شامل ہیں۔

6 جولائی 2025 کو امریکی ریاست ٹیکساس میں سیلاب سے تباہی (روئٹرز)

امریکی ریاست ٹیکساس میں شدید بارشوں کے بعد اچانک آنے والے سیلاب سے اموات کی تعداد کم از کم 78 ہو گئی ہے، جب کہ درجنوں افراد تاحال لاپتہ ہیں، جن میں بچے بھی شامل ہیں۔

اتوار کو امدادی ٹیمیں لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف رہیں، جب کہ مزید بارشوں کی پیش گوئی نے خدشات میں اضافہ کر دیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ کیر کاؤنٹی میں اب تک 40 افراد اور 28 بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

شیرف لیری لیتھا کے مطابق نزدیکی علاقوں میں مزید 10 افراد سیلاب کی زد میں آ  کر جان سے گئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ریاستی حکام کا کہنا ہے کہ ریاست بھر سے 41 افراد لاپتہ ہیں۔

ٹیکساس کے محکمہ پبلک سیفٹی کے سربراہ فری مین مارٹن نے پریس کانفرنس میں کہا: ’آپ آج اموات کی تعداد میں مزید اضافہ دیکھیں گے۔‘

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس قدرتی آفت کو ’سو سال کی بدترین آفت‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی کسی کو توقع نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ وہ ممکنہ طور پر جمعے کو متاثرہ ریاست کا دورہ کریں گے۔

سیلاب کے بعد بروقت وارننگ جاری نہ ہونے اور کمزور الرٹ سسٹم پر اٹھنے والے سوالات کو مسترد کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا: ’یہ صورت حال بائیڈن کا کیا دھرا ہے، ہمارا نہیں۔‘

صحافیوں سے گفتگو میں جب ان سے قومی محکمہ موسمیات میں عملے اور بجٹ میں کٹوتی سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے واضح کیا کہ وہ ماہرین موسمیات کو دوبارہ بھرتی نہیں کریں گے۔

فیڈرل ایمرجنسی مینیجمنٹ ایجنسی (فیما) سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ ’فیما کے بارے میں بعد میں بات ہو سکتی ہے۔‘

ٹرمپ اس سے قبل یہ مؤقف اختیار کر چکے ہیں کہ قدرتی آفات میں امدادی سرگرمیاں بنیادی طور پر ریاستی حکومتوں کی ذمہ داری ہونی چاہییں۔

تاہم، انہوں نے ٹیکساس کے لیے بڑے ڈیزاسٹر اعلامیے پر دستخط بھی کیے، جس کے تحت ریاست کو وفاقی وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ