ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے 24 گھنٹوں میں آٹھ اموات: حکام

قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی اور صوبائی اداروں کی رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں مون سون کی بارشوں اور سیلاب سے 24 گھنٹوں کے دوران آٹھ اموات ہوئی ہیں جبکہ 26 جولائی سے اب تک اموات کی تعداد 74 ہو چکی ہے۔

27 مئی 2025 کو پشاور میں شدید بارش کے دوران موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں سڑک پر رواں دواں ہیں (اے ایف پی)

پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی اور صوبائی اداروں کے اتوار کو جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف واقعات میں مجموعی طور پر کم از کم آٹھ اموات ہوئی ہیں جبکہ 26 جون سے چھ جولائی تک 10 دنوں میں 74 افراد جان سے جا چکے ہیں۔

حکام نے 10 جولائی تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

خیبرپختونخوا میں چار اموات

خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں سمیت میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ گذشتہ روز سے جاری ہے، جس کی وجہ سے ندی نالیوں میں طغیانی اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال اور ندی نالوں میں طغیانی کے نتیجے میں کم از کم چار افراد جان سے جا چکے ہیں جبکہ دو زخمی ہوئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق مانسہرہ میں گذشتہ رات تقریباً دو بجے طوفانی بارش کی وجہ سے جابہ چناری فریش کے قریب نالے میں اچانک طغیانی کے باعث ناران سے واپس آنے والا موٹر سائیکل سوار بہہ گیا۔

موٹر سائیکل سوار شہباز کا تعلق راولپنڈی سے تھا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق نوجوان کی لاش گہوڑ کی مقام سے برآمد کی گئی۔

اسی طرح ملاکنڈ میں ریسکیو 1122 کے مطابق ہیرو شاہ منڈی کی ندی میں سیلابی ریلے کی وجہ سے خاتون سمیت دو بچے بہہ گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران خاتون اور ایک بچے کی لاش برآمد کر لی گئی جبکہ ایک بچے کو زندہ بچا لیا گیا۔

خیبر پختونخوا کے محکمہ آبپاشی کے مطابق مون سون بارشوں کا سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے دریائے کابل سمیت مختلف ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری ایڈوائزی میں بتایا گیا ہے کہ مون سون بارشوں اور گذشتہ دنوں درجہ حرارت میں اضافے سے گلیشیئرز پھٹنے کا خطرہ ہے، جس سے سیلابی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔

مختلف اضلاع میں دریا کے کنارے جانے اور دریا میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد ہے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوام کو دریاؤں سے دور رہنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔

پنجاب میں دو اموات

پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم  اے کے مطابق مختلف اضلاع میں 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے باعث دو افراد کی اموات ہوئیں جبکہ چھ زخمی ہوئے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق شدید بارش میں مخدوش و بوسیدہ مکانات گرنے کے باعث نقصانات رپورٹ ہوئے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی اور گجرانوالہ میں مخدوش و بوسیدہ عمارتیں گرنے سے ایک خاتون اور بچی سمیت دو شہریوں کی اموات ہوئیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان کے مطابق پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات  کرتے ہوئے کہا کہ  جان سے جانے والے افراد کے لواحقین کی حکومتی پالیسی کے تحت امداد یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہے گا، لہذا ’شہریوں سے گزارش ہے کہ خراب موسم کی صورت حال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں‘ اور  ’کچے بوسیدہ اور خستہ حال مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں۔‘

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے خراب موسم کی صورت حال میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورت حال ہے۔

تاہم شکرگڑھ کے نالے میں پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے اور یہاں درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جس کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

جبکہ دریائے، چناب، راوی، جہل، اور ستلج اور اس سے منسلک ندی نالوں میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ہے۔

بلوچستان میں دو اموات

این ڈی ایم اے کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں مختلف واقعات میں دو افراد جان سے گئے جبکہ ایک شہری زخمی ہوا۔

سندھ میں 25 جون سے پانچ جولائی تک بارشوں سے 15 اموات

سندھ میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کی جانب سے گذشتہ روز جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے نتیجے میں دیواریں اور عمارتیں گرنے اور بجلی گرنے سمیت دیگر واقعات میں 15 اموات ہوئیں جبکہ 34 زخمی ہوگئے۔

اسلام آباد میں شدید بارش، ڈپلومیٹک انکلیو میں بعض سفارت خانے متاثر

گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران دارالحکومت اسلام آباد میں شدید بارش کے نتیجے میں ڈپلومیٹک انکلیو میں بھی سیلابی پانی کی شکایات سامنے آئیں۔

 

نیدرلینڈ کے سفارت خانے نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بتایا کہ شدید بارش اور عمارت کے احاطے میں سیلابی صورت حال کے باعث سفارت خانہ پیر (سات جولائی 2025) کو بند رہے گا۔

سفارت خانے نے شہریوں سے کہا کہ اگر ان کی اپائمنٹ شیڈول ہے تو وہ نہ آئیں، عملہ ان سے خود رابطہ کرے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان