حوالہ ہنڈی مافیا: وزیر داخلہ کا ’بڑے لوگوں‘ پر ہاتھ ڈالنے کا حکم

محسن نقوی نے حوالہ ہنڈی میں ملوث بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ’کسی کا دباؤ قبول کیے بغیر مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔‘

13 مئی 2023 کی اس تصویر میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اس وقت کے وزیر اعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں (وزیر اعلی پنجاب ہاؤس)

حکومت پاکستان نے ملک میں حوالہ ہنڈی مافیا کےخلاف موثر کریک ڈاؤن کا ایک مرتبہ پھر حکم دیا ہے۔

یہ اعلان وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے دورے کے دوران ایک اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر کا حکم تھا کہ حوالہ ہنڈی میں ملوث بڑے بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’کسی کا دباؤ قبول کیے بغیر مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔‘

وزیر داخلہ کا بھکاریوں کو بیرون ملک بھجوانے والے ایجنٹ مافیا کی سرکوبی کا بھی حکم دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’بھکاری مافیا پاکستان کی شبہہ کو خراب کر رہا ہے۔ ایجنٹس کے خلاف بلاامتیاز ایکشن نظر آنا چاہیے۔‘

محسن نقوی نے کہا کہ مفرور ایجنٹس کو دیگر صوبوں کے تعاون سے گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے ڈی پورٹ ہوکر آنے والے بھکاریوں کی گرفتاری کو بھی یقینی بنائی جائے۔

بعض خلیجی ممالک کی جانب سے شکایات کے بعد سے وفاقی حکومت گذشتہ برس سے بھکاریوں کو عمرہ اور جج پر بھجوانے والی ٹریول ایجنسیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس بابت گرفتاریاں بھی ہوئی اور بڑی تعداد میں پاکستانی اور افغان ڈی پورٹ بھی ہوئے۔

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے گذشتہ برس کہا کہ ’بھیک مانگنے جیسے جرائم کے لیے پاکستان میں کوئی خاص سزائیں نہیں ہیں لیکن ہماری کوشش ہے کہ قانون سازی کے ذریعے ایسے افراد کو کم از کم چھ ماہ قید کی سزا سنائی جائے تاکہ اس لعنت کا سدباب ہو سکے۔‘

پاکستان میں بھیک مانگنا 1958 کے ویگرنسی آرڈیننس کے تحت غیر قانونی ہے، جس کے تحت بھکاریوں یا بچوں کے والدین کو تین سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ماہرین کے مطابق گداگری اب بڑی حد تک پھلتی پھولتی ہوئی بین الاقوامی تجارت بن گئی ہے، جس میں پاکستانی بھکاری خطے میں، ایران سے لے کر سعودی عرب تک پھیل چکے ہیں۔

جعلی ادویات کے کاروبار کے بارے میں بھی انہوں نے جائزہ لیا اور کہا کہ یہ کسی صورت  انہیں برداشت نہیں۔ ’جعلی ادویات کے مکروہ دھندے میں ملوث لوگوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ جعلی ادویات کے کاروبار میں ملوث لوگوں کی اصل جگہ جیل ہے۔‘

وزیر داخلہ محسن نقوی کا نان کسٹم مصنوعات کے خلاف بھرپور کارروائی کا بھی حکم دیا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کا پانچ ہزار سے زائد ڈالر بیرون ملک لے کر جانے والے مسافروں کے خلاف سخت کارروائی کا کہا۔

اس اجلاس میں ڈائریکٹر کراچی زون نعمان صدیق نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو بریفنگ دی۔ محسن نقوی کو ایف آئی اے کراچی زون کی کارکردگی اور مسائل سے آگاہ کیا گیا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ساوتھ مجاہد اکبر خان، ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نعمان صدیق، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی منی لانڈرنگ، ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن، تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور ایف آئی اے ساوتھ کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان