یو اے ای کی پاکستانیوں کے لیے ویزا پالیسی میں نرمی کی یقین دہانی

پاکستانی وزیر داخلہ نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم سے ملاقات کی ہے جس میں سکیورٹی، انسداد منشیات اور امیگریشن جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید النہیان سے ملاقات کی تصویر (محسن نقوی/ایکس) 

پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کرتے ہوئے امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید النہیان سے ملاقات کی ہے۔ 

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق اس دوطرفہ ملاقات میں سکیورٹی، انسداد منشیات اور امیگریشن جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستانی شہریوں، خصوصاً محنت کشوں کے لیے ورک ویزا کی سہولت اور اس عمل کو مزید آسان بنانے کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید النہیان نے پاکستانی شہریوں کے لیے ورک ویزا کی سہولت اور اس عمل کو مزید آسان بنانے میں مکمل تعاون اور پالیسی میں نرمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

محسن نقوی نے ویزا پالیسی میں نرمی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ’ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی شہری آسانی کے ساتھ یو اے ای آ سکیں۔ ویزا پالیسی میں نرمی عوام کے لیے بڑی سہولت ہوگی۔‘ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دونوں وزرا نے سکیورٹی، انسداد سمگلنگ اقدامات اور مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے خطرات سے نمٹنے پر بھی اتفاق کیا۔

دورے کے دوران محسن نقوی نے ابوظہبی پولیس کے جدید آپریشنز اور نگرانی مرکز کا دورہ کیا، جہاں انہیں سٹی سرویلنس، کرائم پریوینشن سسٹمز اور سمارٹ ٹیکنالوجیز پر بریفنگ دی گئی۔ 

وزیر داخلہ نے ان نظاموں کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان میں ان کی طرز پر سکیورٹی نظام اپنانے کی دلچسپی ظاہر کی۔

دورے کے اختتام پر محسن نقوی نے پاکستان اور یو اے ای کے برادرانہ تعلقات کو قومی اثاثہ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان تمام شعبوں میں، بالخصوص سیکیورٹی اور عوامی فلاح و بہبود کے میدان میں، تعاون کو مزید گہرا کرنا چاہتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا