پولیس اور ساؤتھ اینڈ لندن ایئر پورٹ نے اتوار کو اعلان کیا کہ لندن کے ایک ایئر پورٹ پر ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے باعث ہوائی اڈے کو بند کر دیا گیا ہے۔
ویڈیو فوٹیج میں لندن کے مشرق میں واقع ساؤتھ اینڈ آن سی ہوائی اڈے پر شعلوں میں گھرا ایک 12 میٹر طیارہ اور سیاہ دھویں کے بادل دکھائی دے رہے تھے۔
ایسیکس پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ ’ہم اس وقت تمام ایمرجنسی سروسز کے ساتھ موقعے پر کام کر رہے ہیں اور یہ کام کئی گھنٹوں تک جاری رہے گا‘۔
پولیس نے اسے ’سنگین واقعہ‘ قرار دیا اور بتایا کہ انہیں مقامی وقت کے مطابق 4:00 بجے سے کچھ پہلے اطلاع ملی تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے احتیاط کے طور پر قریب میں واقع گالف کلب اور رگبی کلب کو خالی کروا لیا۔
لندن ساؤتھ اینڈ ہوائی اڈے کے ایک بیان میں تصدیق کی گئی کہ اتوار کی دوپہر ’ایک سنگین واقعہ‘ پیش آیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ہم مقامی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور جیسے ہی مزید معلومات دستیاب ہوں گی، ہم فراہم کریں گے۔‘
بعد میں اتوار کو اعلان کیا گیا کہ ’مذکورہ واقعے کے باعث اس ہوائی اڈے کو مزید اطلاع تک بند کر دیا گیا ہے۔‘
کہا گیا کہ ’ہوائی اڈے پر آنے اور جانے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں اور پولیس، ایمرجنسی سروسز اور ہوائی حادثے کی تحقیقات کرنے والے جائے وقوعہ پر پہنچ چکے ہیں۔‘
ایکس پر ٹرانسپورٹ کی وزیر ہیڈی ایلکسینڈر نے کہا کہ وہ ’دردناک واقعے‘ سے آگاہ ہیں اور پیش رفت کو قریب سے مانیٹر کر رہی ہیں۔
بی بی سی کے مطابق، طیارہ، جو کہ بیچکرافٹ بی 200 تھا، اڑان بھرنے کے بعد فوراً گر کر تباہ ہو گیا۔
ساؤتھ اینڈ آن سی، جو لندن کے دارالحکومت سے تقریباً 65 کلومیٹر (40 میل) مشرق میں واقع ہے، لندن کے علاقے کا چھٹا سب سے بڑا ہوائی اڈا ہے۔