امریکہ: ’کھڑکی کے بغیر‘ ونڈو سیٹ کی فروخت، یونائیٹڈ ایئرلائنز پر مقدمہ

یونائیٹڈ کی ’سٹینڈرڈ اکانومی کلاس‘ میں ترجیحی نشستوں کے لیے فی کس 24 ڈالر وصول کیے جاتے ہیں جب کہ ’بیسک اکانومی‘ میں یہ فیس فی کس 36 ڈالر تک بڑھ جاتی ہے۔

یونائیٹڈ ایئرلائنز کا ایک طیارہ 25 جولائی 2025 کو ہیوسٹن، ٹیکساس کے جارج بش انٹرکانٹینینٹل ایئرپورٹ پر دیکھا جا سکتا ہے (اے ایف پی)

امریکی فضائی کمپنی یونائیٹڈ ایئرلائنز کو ایک ممکنہ عوامہ مقدمے (کلاس ایکشن لا سوٹ) کا سامنا ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ کمپنی مسافروں کو ’کھڑکی کے بغیر‘ والی ونڈو سیٹس فروخت کر رہی ہے۔

اس مقدمے، جس میں مزید متاثرہ افراد کو شامل کیا جا رہا ہے، میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایئرلائن نے مسافروں کو گمراہ کیا اور ایسی نشستوں پر اضافی رقم وصول کی جنہیں کھڑکی والی قرار دیا گیا لیکن ان کے ساتھ کوئی کھڑکی موجود ہی نہیں تھی۔

’ٹاپ کلاس ایکشنز‘ نامی قانونی میڈیا فرم کے مطابق درخواست گزار اس ’غلط تشہیر‘ پر ہرجانہ چاہتے ہیں جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ اس سے فضائی مسافروں کے حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔

کیلیفورنیا کے وہ تمام مسافر جنہوں نے گذشتہ چار برسوں میں یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز پر کھڑکی والی نشست کے لیے اضافی رقم ادا کی لیکن انہیں بغیر کھڑکی والی سیٹ ملی، اس مقدمے میں شامل ہونے کے اہل ہو سکتے ہیں۔

ایئرلائنز عام طور پر مسافروں کو کھڑکی والی نشستیں اضافی فیس کے عوض پہلے سے محفوظ کرنے کی سہولت دیتی ہیں۔

یونائیٹڈ کی ’سٹینڈرڈ اکانومی کلاس‘ میں ترجیحی نشستوں کے لیے فی کس 24  ڈالر وصول کیے جاتے ہیں جب کہ ’بیسک اکانومی‘ میں یہ فیس فی کس 36  ڈالر تک بڑھ جاتی ہے۔

تاہم مختلف طیاروں کے ڈیزائن کی وجہ سے نشستوں کی ترتیب بھی مختلف ہوتی ہے اور بعض قطاریں ایسی ہوتی ہیں جو کھڑکی کی بجائے خالی دیوار کے ساتھ آتی ہیں لیکن یہ فرق آن لائن بکنگ کے وقت نشستوں کے چارٹ پر واضح نہیں ہوتا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ٹاپ کلاس ایکشنز کے مطابق یہ عوامی مقدمہ یونائیٹڈ ایئرلائنز کو اس ’گمراہ کن اور غیر منصفانہ عمل‘ پر جواب دہ بنانے کے لیے دائر کیا جائے گا۔ یہ مقدمہ نیویارک کی ایک قانونی فرم گرینبام اولبرانٹز ایل ایل پی کی جانب سے منظم کیا جا رہا ہے۔

یونائیٹڈ ایئرلائنز کے مطابق فی الحال کمپنی کے خلاف کوئی باضابطہ مقدمہ دائر نہیں ہوا۔

جون میں ایسا ہی ایک اور واقعہ پیش آیا جب رائن ایئر کے ایک جوڑے کو، جس نے سیٹ ریزرو کرنے کے لیے اضافی فیس ادا نہیں کی تھی، مالورکا جانے والی پرواز سے نکال دیا گیا۔ وجہ یہ تھی کہ ایئرلائن نے آخری وقت پر طیارہ تبدیل کر دیا جس میں نشستیں کم تھیں۔

جم کوچ سکاٹ مک کارمک اور ان کی گرل فرینڈ نے یکم مئی کو برمنگھم ایئرپورٹ سے پالما ڈی مالورکا کے لیے فلائٹ FR1954  پر سفر کرنا تھا۔

جوڑے نے بتایا کہ بکنگ کے وقت انہوں نے نشست ریزرو کرنے کی فیس ادا نہیں کی تھی جو فی پرواز 4.50  یورو سے 33 یورو تک ہو سکتی ہے۔

ان کے بقول: ’انہوں نے ہمیں سب کے آخر میں چیک اِن کرایا اور کہا کہ چونکہ آپ نے سیٹ ریزرو نہیں کی اور آپ سب سے آخر میں ہیں، اس لیے ہمارے پاس صرف ایک نشست بچی ہے۔‘

بالآخر انہیں ایک نئی ٹکٹ کے لیے مزید 100  پاؤنڈ ادا کرنا پڑے اور تقریباً چار گھنٹے انتظار کے بعد وہ پالما ڈی مالورکا جانے والی اگلی پرواز میں سوار ہو سکے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ