جلتے ٹرک کو پیڑول پمپ سے ہٹانے پر سعودی شہری کے لیے 10 لاکھ ریال کا انعام

سعودی شہری ماہر فہد الدلبحی جان کی پروا کیے بغیر ایک جلتے ہوئے ٹرک کو پیڑول پمپ سے دور لے گئے تاکہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو سے حاصل کردہ تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ جلتا ہوا ٹرک ایک گنجان آباد علاقے سے نکال کر کھلی جگہ کی طرف لے جایا جا رہا ہے (سکرین گریب/ ٹک ٹاک)

جان پر کھیل کر جلتے ہوئے ٹرک کو پیٹرول پمپ سے دور ہٹانے والے سعودی شہری کے لیے سعودی عرب کے شاہ سلمان نے 10 لاکھ سعودی ریال بطور انعام کا اعلان کیا ہے۔

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تجویز پر شاہ سلمان نے ہدایت جاری کی کہ سعودی شہری ماہر فہد الدلبحی کو شاہ عبدالعزیز میڈل (فرسٹ کلاس) اور 10 لاکھ سعودی ریال (دو لاکھ 67 ہزار ڈالر) بطور انعام دیے جائیں۔

 40 سال سے زیادہ عمر کے الدلبحی گذشتہ جمعے کو اپنے گاؤں الصالحیہ جا رہے تھے، جو دارالحکومت ریاض سے تقریباً 300 کلومیٹر دور ہے، کہ راستے میں انہوں نے ایک ٹرک کو جلتے دیکھا، جس میں جانوروں کے لیے چارہ لدا ہوا تھا۔

ٹرک کے ڈرائیور نے آگ پر قابو پانے میں ناکامی پر اسے پیٹرول پمپ کے بالکل قریب چھوڑ دیا تھا، جو خطرناک تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

الدلبحی ٹرک میں سوار ہو کر اسے کھلی جگہ پر لے گئے۔

سعودی عرب کی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے رپورٹ کیا کہ انہوں نے بڑے خطرے کا سامنا کیا اور لوگوں کی جانیں بچانے کے لیے غیر معمولی بہادری دکھائی۔

ایس پی اے کے مطابق ان کی بہادری کے سرکاری سطح پر اعتراف سے ظاہر ہوتا ہے کہ ’ملکی قیادت سعودی شہریوں کی قربانیوں کی بہت قدر کرتی ہے، جو جرات، لگن اور ایثار کی ان اقدار کو اپناتے ہیں، جو مملکت کی بنیاد رکھنے والے اصولوں سے وراثت میں ملیں۔‘

الدلبحی کے خاندان کا کہنا ہے ان کی بہادری کو شاہ سلمان کی جانب سے تسلیم کیا جانا ’بہت بڑا اعزاز‘ ہے۔

ٹرک کو پیٹرول پمپ سے دور لے جاتے ہوئے ان کے ہاتھ، ٹانگیں اور چہرہ بری طرح جھلس گئے، جس پر انہیں ریاض کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا