امریکی کالج آف کارڈیالوجی کے محققین کا کہنا ہے کہ انتہائی نگہداشت کے وارڈوں میں مریضوں کے لیے موسیقی بجانا دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر کم کرنے میں مددگار ثابت ہوا ہے۔
یہ نتائج ان لاکھوں امریکیوں کی صحت کو بہتر بنا سکتے ہیں جو ان بیماریوں میں مبتلا ہیں جن سے موت اور بیماری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ہائی بلڈ پریشر جان لیوا دل کے دورے اور فالج کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے۔ دل کی دھڑکن میں غیر معمولی اضافہ یا بےترتیبی موت کے نمایاں خطرے کے ساتھ ساتھ جگر، گردے اور دل کی خرابی سے بھی جڑا ہوا ہے۔ 60 لاکھ سے زیادہ امریکی دل کے مرض میں مبتلا ہیں اور تقریباً نصف بالغ امریکی، یعنی 12 کروڑ، ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہیں۔
یونیورسٹی آف گواناخوآتو، میکسیکو کی میڈیکل سٹوڈنٹ ڈاکٹر الانی پاؤلا سانتویو پیریز نے ایک بیان میں کہا، ’جسمانی دباؤ کو کم کر کے، مریض کی راحت بڑھا کر، اور مریض پر مبنی جامع دیکھ بھال کو فروغ دے کر، موسیقی کی تھیراپی بالآخر مریض کی حالت اور طبی نتائج دونوں کو بہتر بناتی ہے۔‘
گذشتہ سال میکسیکو کے ایک ہسپتال میں صرف پانچ دن کی میوزک تھیراپی سے دو درجن کے قریب بالغ دل کے مریضوں کا بلڈ پریشر اور دل کی تیز دھڑکن کم ہو گئی۔
ایمبینٹ میوزک بینڈ مارکونی یونین کے گانے ’ویٹ لیس‘ کو روزانہ 45 منٹ مریضوں کو ہیڈفون کے ذریعے سنایا گیا۔ یہ موسیقی 15 ڈیسی بل کی مدھم آواز پر بجائی گئی، جو ہوا میں پتوں کی سرسراہٹ جتنی مدھم تھی۔ مریض ہوش و حواس میں، بات چیت کے قابل تھے اور ان کی سماعت ٹھیک تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یونیورسٹی کے محققین کے مطابق موسیقی کی تھیراپی مریضوں کی جسمانی اور جذباتی فلاح کو بہتر بنانے کا ایک غیر مداخلتی اور کم خرچ طریقہ ہے۔
امریکن میوزک تھیراپی ایسوسی ایشن کے مطابق یہ تکنیک 1800 کی دہائی کے اوائل سے استعمال ہو رہی ہے۔ نیویارک کے ایک آشرم میں پہلی آزمائشوں نے خواتین مریضوں کے رویے کو بدلنے اور ان کے حوصلے بلند کرنے میں مدد دی تھی۔
ماضی کی تحقیق نے کلاسیکی موسیقی کو بلڈ پریشر اور دل کی دھڑکن میں بہتری سے جوڑا ہے۔
یہ تھیراپی دماغ کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ ہارورڈ میڈیکل سکول کے مطابق مشہور کلاسیکی موسیقار موزارٹ کی موسیقی آئی کیو ٹیسٹ اور مکانی استدلال میں بہتری لا سکتی ہے، اور دیگر تحقیق نے دکھایا ہے کہ یہ ڈیمینشیا کے مریضوں میں یادیں جگانے اور بات چیت بہتر بنانے میں مدد دیتی ہے۔
کلیولینڈ کلینک کے مطابق موسیقی سننے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو گانے، آلات بجانے یا موسیقی لکھنے کو بھی تھیراپی کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔ امریکی ہسپتالوں میں صحت یاب ہونے یا درد سے گزرنے والے مریضوں کے لیے موسیقی کا استعمال کیا جاتا ہے۔
امریکہ میں ہر سال 50 لاکھ سے زیادہ مریض انتہائی نگہداشت کے وارڈوں میں داخل کیے جاتے ہیں، جہاں ان کا خطرناک بیماریوں، سانس کی دشواری یا آپریشن کے بعد کی دیکھ بھال کی جاتی ہے۔
© The Independent