انڈین کرکٹ ٹیم اے سی سی کے ہیڈ کوارٹر آ کر ٹرافی وصول کر لے: محسن نقوی

اس سے قبل انڈین میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے انڈین کرکٹ بورڈ سے معافی مانگی ہے۔

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی 28 ستمبر 2025 کو دبئی کے دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں انڈیا اور پاکستان کے درمیان ایشیا کپ 2025 ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ فائنل میچ کے اختتام پر میدان میں انتظار کر رہے ہیں (سجاد حسین/ اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے بدھ کو کہا ہے کہ اگر انڈین ٹیم ایشیا کرکٹ کپ 2025 کی ٹرافی حاصل کرنا چاہتی ہے تو ایشین کرکٹ کونسل کے ہیڈ کوارٹر سے آ کر وصول کر لے۔

ایشیا کپ 2025 کے 28 ستمبر کو کھیلے گئے فائنل میچ میں پاکستان کو شکست دینے کے بعد انڈین ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی سے وننگ ٹرافی وصول نہیں کی تھی، جس کے وہ کپ لیے بغیر ہی واپس چلی گئی تھی۔

انڈین ٹیم کی وصولی سے انکار کے بعد ایشیا کرکٹ کپ 2025 کی ٹرافی دبئی میں ایشیا کرکٹ کونسل کے دفاتر میں رکھ دی گئی تھی۔

محسن نقوی نے بدھ کو انڈین اخبار انڈیا ٹوڈے کی ایکس پر ایک پوسٹ کے جواب میں کہا کہ انہوں نے بی سی سی آئی سے کوئی معافی نہیں مانگی۔

اخبار انڈیا ٹوڈے کی پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ محسن نقوی نے ایشیا کپ ٹرافی تنازعے پر بی سی سی آئی سے معافی مانگ لی ہے، تاہم وہ اپنے مؤقف کے مطابق انڈیا کو ٹرافی اور میڈلز دینے پر بضد ہیں۔

محسن نقوی، جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے بھی سربراہ ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے وزیرِ خارجہ بھی ہیں، نے انڈین میڈیا کی رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’انڈین میڈیا حقائق نہیں بلکہ جھوٹ پر پروان چڑھ رہا ہے۔

’میں بالکل واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ میں نے کچھ غلط نہیں کیا اور نہ ہی کبھی بی سی سی آئی سے معافی مانگی ہے اور نہ ہی آئندہ کبھی مانگوں گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ یہ سب من گھڑت باتیں اور سستا پروپیگنڈا ہیں جن کا مقصد صرف اپنے عوام کو گمراہ کرنا ہے۔ ’بدقسمتی سے انڈیا سیاست کو کرکٹ میں گھسیٹ رہا ہے، جو کھیل کی اصل روح کو نقصان پہنچا رہا ہے۔‘

چیئرمین اے سی سی کا مزید کہنا تھا کہ ’میں اُس دن بھی ٹرافی دینے کے لیے تیار تھا اور آج بھی تیار ہوں،‘ تاہم انہوں نے کہا کہ اگر انڈین ٹیم ٹرافی لینا چاہتی ہے تو اے سی سی کے دفتر آ کر لے لیں۔

ایشیا کپ پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے مسلسل تنازعات سے دوچار رہا ہے۔ سب پہلے تو پاکستان اور انڈیا کے ابتدائی میچ میں انڈین کپتان سوریہ کمار یادو نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے ٹاس کے موقعے پر ہاتھ ملانے سے انکار کیا۔ اس کے بعد یادو نے اپنی جیت کو پہلگام کے مقتولین کے نام معنون کیا۔ پھر پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف کے چند اشاروں پر اعتراض کیا گیا۔ آخر میں انڈین ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کے بعد ٹورنمنٹ کی اختتامی تقریب درہم برہم ہو گئی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ