سعودی ریسرچ اینڈ میڈیا گروپ (SRMG) کی چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن کی چیئر وومن جمانا الراشد ٹائم میگزین کی سالانہ ’ٹائم 100 نیکسٹ‘ فہرست میں شامل ہونے والی پہلی سعودی شخصیت بن گئی ہیں۔
ٹائم میگزین کی یہ فہرست دنیا کے اُن 100 ابھرتے ہوئے رہنماؤں کو سراہتی ہے جو بزنس، میڈیا، کھیل، سیاست، صحت، سائنس اور فنون سمیت مختلف شعبوں میں مستقبل کو تشکیل دے رہے ہیں۔
جمانا الراشد کی شمولیت سعودی خواتین کی عالمی سطح پر نمایاں کامیابی کا سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔ اس فہرست میں وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ، انٹرنیشنل فٹبال اسٹار لامین یامال اور گیانا کے صدر عرفان علی سمیت متعدد نمایاں عالمی شخصیات بھی شامل ہیں۔
ٹائم میگزین نے جمانا الراشد کو ’مشرق وسطیٰ کے بدلتے میڈیا منظرنامے کی معمار‘ قرار دیا ہے۔
وہ 2020 میں SRMG کی پہلی خاتون سی ای او مقرر ہوئیں اور تب سے ادارے کو ڈیجیٹل فرسٹ ٹرانسفارمیشن کی طرف لے جانے، نئے میڈیا پلیٹ فارمز کے آغاز اور عالمی سطح پر شراکت داریوں کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کی قیادت میں SRMG نے نہ صرف عرب میڈیا کے اندازِ گفتگو کو جدید بنایا بلکہ نوجوان ٹیلنٹ کو بھی آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے ہیں۔
بطور چیئرپرسن ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن، جمانا الراشد نے عرب دنیا، افریقہ اور ایشیا میں فلمی صنعت کے فروغ کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ ان کی سرپرستی میں اب تک 80 سے زائد فلمیں دنیا کے بڑے فلمی میلوں جیسے کہ کینز، وینس، برلن، ٹورنٹو اور سنڈینس میں نمائش کے لیے پیش ہو چکی ہیں اور بین الاقوامی ایوارڈز بھی حاصل کر چکی ہیں۔
انہوں نے اس اعزاز پر اپنے بیان میں کہا کہ ’میں ٹائم 100 نیکسٹ کی فہرست میں شامل ہونے پر بے حد شکر گزار محسوس کر رہی ہوں۔ یہ اعزاز اُن غیر معمولی ٹیموں کی اجتماعی محنت کا نتیجہ ہے جن کے ساتھ مجھے SRMG اور ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن میں کام کرنے کا موقع ملا۔ یہ اس وژن اور قیادت کی بھی عکاسی کرتا ہے جس نے سعودی عرب اور خطے میں جاری شاندار تبدیلیوں کو ممکن بنایا ہے۔‘
ماہرین کے مطابق جمانا الراشد کا انتخاب نہ صرف سعودی عرب کے بڑھتے عالمی اثرورسوخ کو اجاگر کرتا ہے بلکہ سعودی عرب کی تخلیقی اور میڈیا صنعتوں کے بڑھتے ہوئے کردار کو بھی واضح کرتا ہے جو آج دنیا بھر میں مباحث کو شکل دے رہی ہیں۔