ہاتھ ملانے، سیاست پر سوال نہ کریں‘: پاکستانی کپتان کی پریس کانفرنس سے قبل اعلان

پاکستان ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے پریس کانفرنس کا آغاز کیا تو ان کے بات کرنے سے قبل ایک اعلان کیا گیا کہ پریس کانفرنس میں ’ہاتھ ملانے اور سیاست‘ پر سوالات سے اجتناب کیا جائے۔

ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان تنازعات کا سلسلہ وہیں ختم نہیں ہوا اور اب آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ میں بھی دونوں مالک کے درمیان اتوار کو ہونے والے میچ سے قبل ویسا ہی ماحول دیکھا جا رہا ہے۔

آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ اتوار کو سری لنکا میں کھیلا سری لنکا کے پریماداسا سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

انڈیا اس ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے تاہم پاکستان نے وہاں جا کر کھیلنے سے انکار کیا ہے اور اس کے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔

اتوار کو کھیلے جانے والے میچ سے قبل جب ہفتے کو پاکستان ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے پریس کانفرنس کا آغاز کیا تو ان کے بات کرنے سے قبل ایک اعلان کیا گیا کہ پریس کانفرنس میں ’مصافحے اور سیاسی‘ سوالات سے اجتناب کیا جائے۔

پریس کانفرنس سے قبل وہاں موجود صحافیوں سے کہا گیا کہ ’ایک نوٹیفیکیشن کے بارے میں بتانا ہے کہ اس وقت ہونے والی سیاست سے متعلق کوئی سوال نہیں لیا جائے گا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ٹیم صرف کرکٹ سے متعلق سوالات ہی لینے میں دلچسپی رکھتی ہے۔

’لہذا سیاست اور مصافحے پر کوئی سوال نہیں پلیز۔۔۔۔ کیونکہ ان کے جواب نہیں دیے جائیں گے۔‘

یہ معاملہ پاکستان اور انڈیا کے مردوں کی ٹیم کے درمیان ایشیا کپ کے پہلے میچ سے شروع ہوا تھا جب پہلے انڈین کپتان نے ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا اور میچ کے اختتام پر پوری ٹیم بنا ہاتھ ملائے ہی پویلین میں داخل ہو گئی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ سلسلہ ایشیا کپ کے دوران جاری رہا اور یہاں تک کہ فائنل جیتنے کے بعد انڈین کپتان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر سے ٹرافی لینے سے بھی انکار کیا۔

یہی صورت حال اب آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ میں بھی جاری رہنے کا امکان تو ظاہر کیا جا رہا تھا تاہم میچ سے قبل پریس کانفرنس کے آغاز پر ہی کافی حد تک چیزیں واضح ہو گئی ہیں۔

تاہم صحافی تو پھر صحافی ہیں کسی نہ کسی طرح اپنی مرضی کا سوال کر ہی دیتے ہیں۔ ایسا ہی پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا کی پریس کانفرنس میں بھی ہوا جب ایک خاتون صحافی نے سوال کیا کہ گذشتہ ورلڈ کپ میں انڈیا پاکستان میچ کے دوران کچھ اچھے لمحات دیکھنے کو ملے تھے جب کپتان بسمہ معروف اپنی نومولود بچی کے ہمراہ کھیلنے آئی تھیں اور تمام انڈین کھلاڑیوں کی ان کے ہمراہ تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہو گئی تھیں۔

تو صحافی نے یہ سب بیان کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا اتوار کو آپ اس طرح کے لمحات کی کمی محسوس کریں گی؟

اس پر پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا کہ ’بنیادی مقصد ہمارا کھیلنا ہوتا ہے اور کھیل پر توجہ رکھنا ہی مقصد ہوتا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہمارا تمام ہی ٹیموں سے تعلق اچھا ہے۔ سپرٹ آف گیم میں آنے والی تمام چیزیں پوری کریں گے۔ لیکن جس طرح بسمہ جی کی بیٹی کے ساتھ سارے مل جل رہے تھے اور سب ہی انجوائے کر رہے تھے، بطور کھلاڑی آپ کو اچھا لگتا ہے۔‘

فاطمہ ثنا نے اپنی بات مسکراتے ہوئے اس پر ختم کی کہ ’پہلی کوشش تو یہی ہوتی ہے کہ آپ جس چیز کے لیے یہاں ہو اس پر فوکس کرو۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ