انڈیا نے اتوار کو آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے ایک میچ میں پاکستان کو باآسانی 88 رنز سے ہرا دیا۔
کولمبو میں کھیلے گئے اس ون ڈے میچ میں انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 247 رنز بنائے جسے پاکستان پورا نہ کر سکا اور 159 پر ڈھیر ہو گیا۔
انڈیا کی ہرلین دیول نے 46 رنز بنا کر سب سے زیادہ سکور کیا جبکہ رِچا گھوش نے 35 رنز کی تیز رفتار ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔
ٹاس کے دوران دونوں ٹیموں کی کپتانوں فاطمہ اور انڈیا کی ہرمن پریت کور نے ایک دوسرے سے مصافحہ نہیں کیا، جو دونوں پڑوسیوں کے درمیان جاری سیاسی کشیدگی کی عکاسی کرتا ہے۔
حال ہی میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے مردوں کے ایشیا کپ میں بھی انڈیا اور پاکستان کے کپتانوں نے تین میچوں کے دوران ہاتھ نہیں ملائے تھے۔
انڈین اوپنرز پرتیکا راول اور سٹار بلے باز سمرتی مندھانا نے پہلی وکٹ کے لیے 48 رنز کی شراکت قائم کی۔
فاطمہ نے مندھانا کو 32 گیندوں پر 23 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ راول نے 31 رنز بنائے اور بائیں ہاتھ کی سپنر سعدیہ اقبال کی گیند پر بولڈ ہوئیں۔
ہرمن نے 19 رنز بنائے اور سیمر ڈیانا بیگ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئیں۔ جمیمہ روڈریگز (32)، دیپتی شرما (25) اور سنیہ رانا (20) نے بھی قیمتی اننگز کھیلیں۔
رِچا نے اپنی اننگز میں دو چھکے اور تین چوکے لگائے۔ انڈیا نے آخری پانچ اوورز میں 44 رنز سکور کیے۔
ڈیانا بیگ نے 10 اوورز میں 69 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سعدیہ اقبال اور فاطمہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
میچ 15 منٹ کے لیے روکا گیا کیونکہ کھلاڑیوں کو کیڑے مکوڑوں کی وجہ سے پریشانی کا سامنا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان ویمنز ٹیم 248 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 43 اوورز میں 159 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔
اوپنر منیبہ علی صرف دو رنز بنا کر شرما کے تھرو پر رن آؤٹ ہوئیں، جب کہ صدف شمس 24 رنز (39 گیندیں) بنا کر گد کی گیند پر آؤٹ ہوئیں۔
تجربہ کار سدرہ امین نے سب سے بڑی اننگز کھیلی اور81 رنز (106 گیندوں) کی شاندار باری میں نو چوکے لگائے۔
تاہم دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ عالیہ ریاض صرف دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں جبکہ نتالیہ پرویز نے کچھ مزاحمت کی اور 33 رنز کی اننگز کھیلی۔
کپتان فاطمہ نے دو رنز بنائے۔ وکٹ کیپر سدرہ نواز نے 14 رنز (22 گیندیں) بنائے، مگر وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکیں۔
امین شمیم، ڈیانا بیگ، نشنا سندھو اور سعدیہ اقبال بھی زیادہ حصہ نہ ڈال سکیں۔
پاکستان کی پوری ٹیم43 اوورز میں 159 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔