سعودی عرب کی حکومت نے نئی پالیسی کا اعلان کیا ہے جس کے تحت اب وہ تمام مسلمان جن کے پاس سعودی عرب کا کوئی بھی کارآمد ویزا ہے، عمرہ ادا کر سکتے ہیں۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے پیر کو ایکس پر جاری بیان میں کہا: ’کیا آپ سعودی عرب آنے اور عمرہ ادا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں؟ اب آپ کسی بھی قسم کے انٹری ویزے کے ساتھ عمرہ کے مناسک ادا کر سکتے ہیں۔‘
وزارت نے مزید کہا: ’اللہ کے مہمانوں کے لیے عمرہ کی ادائیگی کو آسان بنانے کے لیے تمام ویزا ہولڈرز کو اجازت ہے کہ وہ عمرہ کے مناسک انجام دیں۔ اس میں ذاتی اور فیملی ویزے، ٹرانزٹ یا سٹاپ اوور ویزا، ورک ویزا، سیاحتی ای ویزا اور دیگر اقسام کے ویزے شامل ہیں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا: ’عمرہ کے ایک آسان اور منظم سفر کے لیے نُسک عمرہ ایپ پر جائیں، مناسب پیکج منتخب کریں اور فوراً اپنا عمرہ ویزا حاصل کریں۔‘
سعودی حکام کے مطابق یہ فیصلہ مملکت کی ان کوششوں کو مزید تقویت دیتا ہے جن کا مقصد حج و عمرہ کے سفر کو آسان، جامع اور ہر مسلمان کے لیے قابل رسائی بنانا ہے۔
Planning to visit Saudi Arabia and perform Umrah?
— Ministry of Hajj and Umrah (@MoHU_En) October 5, 2025
You can perform Umrah rituals with any type of entry visa.
For a smoother journey, visit the #Nusuk Umrah Platform now:https://t.co/kxOqJxelUu pic.twitter.com/7iAqWxsQu0
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سعودی وژن 2030 کے اہداف کے عین مطابق ہے جس کا مقصد حجاج کے لیے سہولیات بڑھانا، عمرہ کے طریقہ کار کو آسان بنانا اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔
سعودی وزارت نے کہا کہ یہ اقدام اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ مملکت پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے ان کے مذہبی مناسک کو آسانی اور اطمینان کے ساتھ ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے حال ہی میں نُسک عمرہ پلیٹ فارم کا آغاز کیا ہےجس کے ذریعے عمرہ کے خواہش مند افراد آن لائن پیکج منتخب کر کے آن لائن اجازت نامہ حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم صارفین کو خدمات بک کرنے اور اپنے وقت کے مطابق سہولت کے ساتھ عمرہ کا انتظام کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
سعودی عرب میں مقیم کاروباری شخصیت احمد پیشکر نے عرب نیوز سے گفتگو میں اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا: ’یہ ایک خوش آئند فیصلہ ہے جو سعودی حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ تمام اقسام کے ویزا رکھنے والے مسلمانوں کو مقدس مقامات کی زیارت اور عبادت کے لیے ایک محفوظ، روحانی اور پرسکون ماحول فراہم کرے، ساتھ ہی اعلیٰ معیار کی خدمات دے کر عمرہ زائرین کے تجربے کو بہتر بنائے۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’یہ اقدام اس بات کی بھی تصدیق کرتا ہے کہ مملکت دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے عمرے کی ادائیگی کو آسان بنانا چاہتی ہے۔ یہ منصوبہ عمرہ کو مزید قابل رسائی بنانے اور سعودی عرب کو روحانی اور مذہبی سیاحت کا عالمی مرکز بنانے کے طویل مدتی وژن کی تکمیل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔‘