پاکستان پورے خطے میں تجارت کا دروازہ ہے: سعودی وفد

پاکستان کے دورے پر آئے سعودی تجارتی وفد نے وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات میں کہا ہم مل کر معیشت کو مضبوط کریں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سعودی وفد کے سربراہ شہزادہ منصور بن محمد نو اکتوبر، 2025 کو کراچی میں ایک تقریب میں شریک ہیں (وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ)

پاکستان کے دورے پر آئے سعودی عرب کے تجارتی وفد نے جمعرات کو کراچی کا دورہ کیا اور وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات میں کہا کہ ’پاکستان خطے میں تجارت کا دوازہ ہے۔‘

دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اور تجارتی فروغ کے لیے سعودی عرب کا 15 رکنی تجارتی وفد شہزادہ منصور بن محمد کی سربراہی میں منگل کو اسلام آباد پہنچا تھا۔
 
وفد نے اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے قائم سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے علاوہ وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر متعلقہ حکام سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔
 
دورے کے دوران بات چیت میں تجارت، سرمایہ کاری، سعودی ویژن 2030 اور پاکستان کے اقتصادی ترقی کے ایجنڈے کے مطابق ترجیحی شعبوں میں تعاون پر غور کیا گیا۔
 
سعودی، پاک مشترکہ بزنس کونسل کے وفد نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے کراچی میں ملاقات کی جس کے بعد وزیراعلیٰ کے دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق وفد کے سربراہ شہزادہ منصور بن محمد نے کہا ’پاکستان پورے خطے میں تجارت کا دروازہ ہے۔‘
 
سعودی وفد نے کہا کہ سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان کے وزیر اعظم نے حال ہی میں سعودی عرب کا دورہ کیا اور اسی سلسلے میں یہ وفد یہاں آیا ہے۔
 
شہزادہ منصور نے کہا ’ہم مل کر کام کریں گے اور معیشت کو مضبوط کریں گے۔‘
 
انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے حوالے سے بھی بہت اہم ہے۔ ’ہمارے ساتھ تمام شعبوں کے سرمایہ کار آئے ہیں اور وہ سرمایہ کاری کریں گے۔
 
’پاکستان نج کاری کر رہا ہے، ہم اسے اپنے لیے ایک موقع سمجھتے ہیں۔‘
 
بیان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سعودی وفد کی آمد ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ ’پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات گہرے اعتماد اور بھائی چارے پر مبنی ہیں۔‘
 
انہوں نے کہا کہ سندھ میں زراعت، لائیو سٹاک، توانائی، کان کنی، معدنیات، تعمیرات اور فوڈ سکیورٹی میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’سعودی سرمایہ کاروں کو سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔‘

مراد علی شاہ نے مزید کہا ’سعودی عرب کے ساتھ ہماری شراکت داری خطے کے معاشی مستقبل کے لیے نہایت اہم ہے۔ سندھ حکومت سعودی وژن 2030 کے اہداف کے ساتھ مکمل ہم آہنگ ہے۔‘
 
اسلام آباد میں منگل کو وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی وفد سے ملاقات میں کہا تھا کہ دونوں ملکوں کے مابین دفاعی معاہدے کی بنیاد پر مل کر کام کریں تو عالمی برادری میں مضبوط مقام پیدا کر سکتے ہیں۔
 
سعودی وفد کا دورہ 17 ستمبر کو دستخط ہونے والے پاکستان۔ سعودی سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کے بعد ہو رہا ہے جسے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی معاہدہ قرار دیا جا رہا ہے۔
 
وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی وفد سے ملاقات میں کہا ’پاکستان اور سعودی عرب کا دفاعی معاہدہ بھائی چارے پر مبنی تعلقات کی باقاعدہ شکل ہے، ہم حقیقی بھائیوں کی طرح ہیں اور بھائی ہمیشہ بھائی کی مدد کو آتا ہے، ہم مقدس مقامات مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے ہمیشہ محافظ رہیں گے۔‘
whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت