سعودی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو کلیدی اہمیت حاصل ہے: چیئرمین شوریٰ کونسل

سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے منگل کو سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔

ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے منگل کو سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی (قومی اسمبلی/ فیس بک)

اسلام آباد کے دورے پر آئے سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے منگل کو سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات میں کہا کہ سعودی عرب کی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔

ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے منگل کو اسلام آباد میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔

قومی اسمبلی کے ایکس پر جاری بیان کے مطابق سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ ’پاکستان اسلامی دنیا کا ایک اہم ملک ہے اور سعودی عرب اس کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔‘

ان کے بقول: ’پاکستان اور سعودی عرب ہر شعبے میں ساتھ ساتھ ہیں اور حالیہ دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کو مزید قریب لایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ علاقائی استحکام اور دوطرفہ اعتماد کی علامت ہے۔

چیئرمین شوریٰ نے اس بات پر زور دیا کہ مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اتحاد اور یکجہتی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے پارلیمانی روابط میں وسعت دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گی۔‘

بیان کے طابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، خطے کی صورتحال اور مسلم امہ کے اتحاد پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور ارکان اسمبلی سید حفیظ الدین، زیب جعفر، ملک عامر ڈوگر، سحر کامران، مجاہد علی اور نور عالم خان بھی شریک تھے۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات عقیدت، بھائی چارے اور اعتماد پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا مخلص دوست اور آزمودہ بھائی رہا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سردار ایاز صادق نے حالیہ سٹریٹجک میوچول ڈیفنس ایگریمنٹ کو دوستی، اعتماد اور علاقائی امن کا مظہر قرار دیا اور کہا کہ یہ پاکستان کے لیے باعث فخر تاریخی سنگِ میل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس معاہدے نے دونوں ممالک کے درمیان دیرپا شراکت داری اور ترقی کے نئے باب کا آغاز کیا ہے۔

سپیکر نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، اسپیکر مجلسِ شوریٰ ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ اور سعودی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، اور مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب کے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کو ’قابل ستائش‘ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت نے مسلم امہ کے اتحاد، غزہ میں جنگ بندی اور عالمی امن کے لیے ہمیشہ مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ ان کے بقول: ’پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ اسے حرمین شریفین کی حفاظت کی خدمت کا اعزاز حاصل ہے۔‘

سردار ایاز صادق نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن ایک صفحے پر ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی چیئرمین شوریٰ کونسل کو دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ کے اعتراف میں پاکستان کا سب سے بڑا سول ایوارڈ کل دیا جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان