آئی سی سی نے حارث رؤف پر دو میچوں کی پابندی لگا دی

اس پابندی کا تعلق ایشیا کپ کے دوران حارث رؤف کے جہاز گرنے کے اشارے سے ہے۔

حارث رؤف 21 ستمبر، 2025 کو دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں انڈیا کے خلاف ایشیا کپ 2025 کے سپر فور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کے دوران تماشائیوں کی جانب اشارہ کر رہے ہیں (اے ایف پی)

 انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ 2025 میں انڈیا پاکستان کے مابین 14، 21 اور 28 ستمبر کو کھیلے جانے والے میچوں کے دوران پیش آنے والے واقعات پر متعدد کھلاڑیوں کے خلاف ضابطۂ اخلاق کی کارروائیوں کا فیصلہ جاری کر دیا، جس میں حارث رؤف پر دو میچوں کی پابندی شامل ہے۔

آئی سی سی نے منگل کو ایشیا کپ 2025 کے انڈیا اور پاکستان کے درمیان کو کھیلے گئے میچوں سے متعلق ضابطۂ اخلاق کی کارروائیوں کے فیصلے جاری کر دیے ہیں۔

سماعتیں امارات آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے ارکان نے کیں، جن میں رِچی رچرڈسن اور اینڈی پائی کرافٹ شامل تھے۔

حارث رؤف نے فیلڈنگ کے دوران چھ طیارے گرنے کا اشارہ کیا تھا، جو بظاہر مئی میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ میں پاکستان کی جانب سے انڈیا کے جہاز مار گرانے کی طرف اشارہ تھا۔

14 ستمبر کے میچ میں انڈیا کے کپتان کے سوریا کمار یادو کو آرٹیکل 2.21، یعنی ایسا طرزِ عمل جو کھیل کی ساکھ کو مجروح کرے، کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ اور دو ڈی میرٹ پوائنٹس ملے۔ سوریا کمار نے میچ سے قبل پاکستانی کپتان سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا تھا۔

پاکستان کے صاحبزادہ فرحان کو اسی شق پر باضابطہ وارننگ اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا، جبکہ حارث رؤف پر بھی یہی الزام ثابت ہونے پر 30 فیصد جرمانہ اور دو ڈی میرٹ پوائنٹس عائد کیے گئے۔ صاحبزادہ فرحان نے نصف سینچری مکمل ہونے کے بعد بیٹ کو بظاہر بندوق بنا کر فائرنگ کرنے کا اشارہ کیا تھا۔

21 ستمبر کو انڈیا کے ارشدیپ سنگھ پر آرٹیکل 2.6 (نازیبا یا توہین آمیز اشارہ) کے تحت مبینہ خلاف ورزی ثابت نہ ہو سکی اور انہیں بری کر دیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فائنل میں 28 ستمبر کو جسپریت بمراہ نے آرٹیکل 2.21 کے تحت چارج قبول کرتے ہوئے سرکاری وارننگ اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کی سزا مان لی، اس لیے ان کے معاملے میں باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہ آئی۔ جسپریت بمراہ نے حارث رؤف کو آؤٹ کرنے کے بعد ان کا جہاز گرنے والا اشارہ دہرایا تھا۔

اسی روز حارث رؤف پر ایک بار پھر آرٹیکل 2.21 کی خلاف ورزی ثابت ہوئی اور انہیں 30 فیصد جرمانے کے ساتھ مزید دو ڈی میرٹ پوائنٹس ملے۔

اس طرح 24 ماہ کے عرصے میں ان کے ڈی میرٹ پوائنٹس کی مجموعی تعداد چار ہو گئی، جو ضابطے کے مطابق دو سسپنشن پوائنٹس میں تبدیل ہوتی ہے، نتیجتاً حارث رؤف کو پاکستان کے جنوبی افریقہ کے خلاف چار اور چھ نومبر 2025 کے ون ڈے انٹرنیشنل میچوں سے معطل کر دیا گیا۔

آئی سی سی کے قواعد کے مطابق لیول ون نوعیت کی خلاف ورزیوں پر کم از کم سرکاری وارننگ اور زیادہ سے زیادہ میچ فیس کے 50 فیصد تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس دیے جاتے ہیں۔

جب کسی کھلاڑی کے ڈی میرٹ پوائنٹس 24 ماہ میں چار یا اس سے زیادہ ہو جائیں تو وہ سسپنشن پوائنٹس میں بدل جاتے ہیں، اور دو سسپنشن پوائنٹس ایک ٹیسٹ یا دو ون ڈے یا دو ٹی 20 میچ (جو بھی پہلے ہوں) کی پابندی کے مترادف ہوتے ہیں۔ ڈی میرٹ پوائنٹس اپنی عائدگی کی تاریخ سے 24 ماہ بعد خود بخود حذف ہو جاتے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ