دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستانی سکواڈ کا اعلان، حارث رؤف کی معذرت

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے دورہ آسٹریلیا کے لیے سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاسٹ بولر حارث رؤف اس دورے کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

20 نومبر، 2023 کی اس تصویر میں پاکستانی ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے(پاکستان کرکٹ بورڈ)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے پاکستانی ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کے لیے سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاسٹ بولر حارث رؤف اس دورے کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

سوموار کو لاہور میں نیوز کانفرنس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ فزیو کے مطابق حارث رؤف کو فٹنس مسائل نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے دورہ آسٹریلیا کے لیے عدم دستیابی کا اظہار کیا ہے۔

اس موقعے پر وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ’دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹیم کی کپتانی شان مسعود کریں گے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں ان کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا ہوا ہوں اور ان کے ساتھ میرا ایک تعلق بھی ہے لیکن ہم وہ کریں گے جو پاکستان کے لیے بہتر ہو گا۔‘

ان کے مطابق ’دو دن پہلے حارث رؤف نے پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کی رضامندی ظاہر کی تھی لیکن کل رات میں انہوں نے اپنا ذہن تبدیل کیا اور وہ اس ٹیسٹ سیریز کے لیے سکواڈ کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔‘

وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ’حارث رؤف کو تشویش تھی کہ انہیں کوئی فٹنس مسائل نہ ہوں۔ میں اور محمد حفیظ ان کے ساتھ بیٹھے اور ہم نے انہیں ہر طریقے سے سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی، یہاں تک کہ اگر اس دورے پر ان کی پرفارمنس خراب ہوتی تو وہ بھی بطور چیف سلیکٹر میں اس کی ذمہ داری لینے کو تیار تھا۔‘

ان کے مطابق ’فٹنس کے حوالے سے ہم نے ماہرین سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ حارث کو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ مگر وہ آخری لمحہ پر پیچھے ہٹ گئے اور وہ اس دورے کے لیے خود دستیاب نہیں ہیں۔‘

دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولرز کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’حارث روف آسٹریلیا کے دورے کے لیے دستیاب نہیں جبکہ نسیم شاہ اگلے دو تین ہفتوں میں 50 سے 60 فیصد فٹ ہو جائیں گے۔‘

سپنرز کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے نئے سپنرز شامل کیے ہیں تاکہ وہ کیمپ میں بولنگ کر سکیں اور ہم ان کی خامیوں کو دور کر سکیں۔‘

حسن علی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’حسن علی نے کاؤنٹی کرکٹ میں بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔ حسن علی شاہین آفریدی کے ساتھ بولنگ کریں گے تو وہ اپنا تجربہ بھی نوجوان بولرز کے ساتھ شیئر کریں گے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وہاب ریاض کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹریننگ کیمپ کے لیے چند اضافی کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا ہے ان میں ارشد اقبال، کاشف علی، شاداب خان، شاہنواز دھانی، محمد نواز، عثمان قادر اور اسامہ میر شامل ہیں۔

دورہ آسٹریلیا کے لیے اٹھارہ رکنی سکواڈ کا اعلان

شان مسعود ( کپتان ) عامرجمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابراعظم، فہیم اشرف، حسن علی، امام الحق، خرم شہزاد، میرحمزہ، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر اور نعمان علی سمیت صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی سکواڈ کا حصہ ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق صائم ایوب اور خرم شہـزاد کو پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ میرحمزہ، محمد وسیم جونیئر اور فہیم اشرف کی ٹیسٹ سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔

شان مسعود کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ25-2023  کے لیے قیادت کی ذمہ داری بابراعظم کی جگہ سونپی گئی ہے جو گذشتہ ہفتے ٹیسٹ کپتانی سے دستبردار ہو گئے تھے۔

پی سی بی کے مطابق پاکستان کا سکواڈ 22 نومبر کو ٹریننگ کیمپ کے لیے راولپنڈی میں جمع ہوگا یہ کیمپ 23 سے 28نومبر تک پنڈی اسٹیڈیم میں جاری رہے گا۔ ٹیم 30 نومبر کو لاہور سے روانہ ہو گی۔

پاکستان آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کا شیڈول

پہلا ٹیسٹ ۔ 14 سے18 دسمبر، پرتھ

دوسرا ٹیسٹ ۔ 26  سے 30 دسمبر، میلبرن

تیسرا ٹیسٹ ۔ تین سے سات جنوری، سڈنی

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ