گوگل کی پاکستان میں رجسٹریشن مکمل، جلد دفتر کھلے گا: وزیر

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے بتایا کہ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل جلد ہی پاکستان میں دفتر کھولے گی۔

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے ہفتے کو بتایا ہے کہ گوگل نے پاکستان میں رجسٹریشن مکمل کر لی ہے، جو ملک میں آئی ٹی کے شعبے کے لیے بڑی خوش خبری ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی جلد ہی پاکستان میں دفتر کھولے گی۔

بقول شزا فاطمہ ریڈیو ٹیلی کمیونیکشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) اور وزارت دفاعی پیداوار کے ساتھ مل کر ٹیک ویلی کمپنی نے ہری پور میں گوگل کروم بکس کی پیداوار شروع کی ہے، جس سے 600 نوجوانوں کو روزگار ملا ہے۔

انہوں نے بتایا: ’پاکستان میں ہر سال پانچ سے چھ لاکھ گوگل کروم بکس تیار کی جائیں گی، جس سے نہ صرف سستے اور بہترین لیپ ٹاپ دستیاب ہوں گے بلکہ بیرون ملک برآمد بھی کیے جائیں گے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں روزگار دینا ترجیح ہے۔

شزا فاطمہ کے مطابق آئی ٹی کا شعبہ پاکستان کی معیشت میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے اور ملک میں ٹیکنالوجی کی ترقی خوش آئند رفتار سے جاری ہے۔ ’وزارتِ آئی ٹی نے حالیہ مہینوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جن سے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو تقویت ملی ہے۔‘

وفاقی وزیر نے کہا کہ میٹا ٹیم پاکستان میں سرگرم ہے اور میٹا لاما نے قومی زبان اردو میں بھی کام شروع کر دیا ہے۔ اسی طرح ٹک ٹاک نے بھی سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے’سٹیم ٹیب‘ متعارف کروا دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کے ساتھ آئی ٹی شعبے میں تعاون مزید مضبوط ہوا ہے اور سعودی ٹیلی کام نے پاکستان میں مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لیے ’اے آئی ہب‘ قائم کر لیا ہے۔

شزا فاطمہ نے کہا کہ نوجوان فری لانسنگ کے ذریعے روزگار کما رہے ہیں اور مصنوعی ذہانت کے علم کی ترویج اب وقت کی ضرورت بن چکی ہے۔ ’وزارت آئی ٹی مختلف ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں مزید اضافہ ہو۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی