آسٹریلیا کے خلاف پرتھ میں ہونے والے ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ نے بدھ کو 12 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس میں پاکستانی نژاد سپنر شعیب بشیر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
انگلینڈ نے چار تیز گیند بازوں کے ساتھ ایک سپنر کو سکواڈ میں رکھ کر میچ سے قبل اپنی حکمت عملی کے تمام آپشن کھلے رکھے ہیں۔
ٹیم میں شامل بالر برائیڈن کارس اور جوش ٹونگ کے لیے فائنل الیون میں جگہ بنانا مشکل دکھائی دیتا ہے جبکہ اولی پوپ نے جیکب بیتھل پر سبقت لیتے ہوئے نمبر تین کی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
تجربہ کار فاسٹ بولر مارک ووڈ نے گذشتہ ہفتے انجری کے خدشات کے بعد منگل کے روز نیٹس میں بھرپور رفتار کے ساتھ بولنگ کر کے اپنی دستیابی ثابت کی تاہم سلیکٹرز اب بھی ان کی مکمل فٹنس کے بارے میں فیصلہ آخری لمحات میں کریں گے۔
اگر انگلینڈ پرتھ کی باؤنسی پچ کو دیکھتے ہوئے مکمل فاسٹ اٹیک کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کرتا ہے تو جوفرا آرچر، گس اٹکنسن اور کارس جیسے 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرنے والے پیسرز کو ترجیح دی جا سکتی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
آسٹریلوی سرزمین پر اس طرح کی رفتار انگلینڈ کے پاس آخری بار 1970 کی دہائی میں جان سنو اور باب ولس کے دور میں نمایاں رہی تھی۔
پہلا ایشز ٹیسٹ جمعہ سے شروع ہوگا۔
پاکستانی نژاد شعیب بشیر انگلینڈ کے لیے کھیلنے والے نوجوان آف سپنر ہیں جو سمرسیٹ کاؤنٹی کی نمائندگی بھی کرتے ہیں۔ وہ دائیں ہاتھ کے بلے باز اور دائیں ہاتھ کے آف بریک بالر ہیں۔
انہوں نے اپنا فرسٹ کلاس ڈیبیو 11 جون 2023 کو سمرسیٹ کی جانب سے ایسیکس کے خلاف کیا جب کہ بین الاقوامی ٹیسٹ ڈیبیو دو فروری 2024 کو انڈیا کے خلاف کیا۔
انگلینڈ کا سکواڈ:
بین سٹوکس (کپتان)، جوفرا آرچر، گس اٹکنسن، شعیب بشیر، ہیری بروک، برائیڈن کارس، زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، جیمی سمتھ، مارک ووڈ۔