انڈین وزیر دفاع اشتعال انگیز بیانات سے گریز کریں: پاکستان

پاکستان نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے صوبہ سندھ کے دوبارہ انڈیا کا حصہ بننے سے متعلق بیان کی سخت مذمت کی ہے۔

18 جنوری، 2024 کی اس تصویر میں ایک سکیورٹی اہلکار اسلام آباد میں واقع دفتر خارجہ کے باہر پہرہ دے رہا ہے (اے ایف پی)

پاکستانی وزارت خارجہ نے آج انڈین وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے صوبہ سندھ سے متعلق بیان پر کہا ہے کہ راج ناتھ اور دیگر انڈین لیڈر اشتعال انگیز بیانات سے گریز کریں۔

وزارت خارجہ کے مطابق ’پاکستان انڈین وزیرِ دفاع کے پاکستان کے صوبہ سندھ سے متعلق وہم و گمان پر مبنی اور خطرناک حد تک تاریخ کو مسخ کرنے والے بیانات کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔ ایسے بیانات ایک توسیع پسند ہندوتوا ذہنیت کو ظاہر کرتے ہیں جو مستحکم حقائق کو چیلنج کرنے کی کوشش کرتی ہے اور بین الاقوامی قانون، تسلیم شدہ سرحدوں کی حرمت اور ریاستوں کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔‘

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے آج ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’آج سندھ کی سرزمین انڈیا کا حصہ نہ ہو لیکن تہذیبی طور پر سندھ ہمیشہ انڈیا کا حصہ رہے گا، اور جہاں تک زمین کا تعلق ہے تو سرحدیں بدل سکتی ہیں، کون جانتا ہے کہ کل سندھ دوبارہ انڈیا کا حصہ بن جائے۔ ‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستانی وزارت خارجہ نے اپنے جاری شدہ بیان میں مزید کہا ہے کہ ’ہم راج ناتھ سنگھ اور دیگر انڈین رہنماؤں پر زور دیتے ہیں کہ وہ ایسے اشتعال انگیز بیانات سے گریز کریں جو خطے کے امن اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ انڈین حکومت کے لیے زیادہ تعمیری راستہ یہ ہوگا کہ وہ اپنے ہی شہریوں، خصوصاً کمزور اقلیتی برادریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے پر توجہ دے۔ اسے چاہیے کہ وہ اُن عناصر کا محاسبہ کرے جو ان کے خلاف تشدد کو ہوا دیتے ہیں یا اس میں ملوث ہوتے ہیں، اور مذہبی تعصبات اور تاریخی مسخ شدگی پر مبنی امتیاز کا ازالہ کرے۔ انڈیا کے شمال مشرقی خطے کے عوام کے دیرینہ مسائل بھی توجہ کے مستحق ہیں، جو اب بھی منظم محرومی، شناخت کی بنیاد پر ظلم و ستم، اور ریاستی سرپرستی میں جاری تشدد کے چکر کا سامنا کر رہے ہیں۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ہم انڈیا پر زور دیتے ہیں کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور زیرِ قبضہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازعے کے حقیقی اور پُرامن حل کے لیے قابلِ اعتماد اقدامات کرے۔ پاکستان انصاف، مساوات اور بین الاقوامی قانونی ضابطوں کی بنیاد پر انڈیا کے ساتھ تمام تنازعات کے پُرامن حل کے لیے پرعزم ہے۔ تاہم، ماضی کی طرح پاکستان اپنی سلامتی، قومی خودمختاری اور آزادی کے تحفظ کے لیے بھرپور اور غیر متزلزل عزم رکھتا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان