لاہور پولیس نے جمعے کو بتایا کہ اچھرہ میں واقع جیولری مارکیٹ کے ایک جیولر اپنے ساتھیوں کا 20 کلو سے زائد سونا لے کر فرار ہو گئے، جس کی مالیت ایک ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق شیخ وسیم اختر نامی جیولر کراچی فرار ہوگئے، جن کی تلاش کے لیے کراچی پولیس سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت نے چوری اور ڈکیتی سمیت مختلف سنگین جرائم روکنے کے لیے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) قائم کر رکھا ہے، جس کے ذریعے صوبے بھر میں اب تک 1100 سے زائد ریکارڈ یافتہ عادی مجرم پولیس مقابلوں میں مارے جانے کے واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔
ان اقدامات کے بعد پولیس نے رواں سال جرائم کی شرح میں 40 فیصد تک کمی کا دعویٰ کیا ہے جبکہ فراڈ اور قبضوں کے خلاف کارروائیاں بھی روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) ماڈل ٹاؤن شہر بانو نقوی نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا: ’اچھرہ کی جیولری مارکیٹ کے جیولر احمد صدیقی نے گذشتہ روز جمعرات کو ایک رپورٹ درج کروائی کہ شیخ وسیم اختر نامی جیولر کے پاس انہوں نے 20 کلو سونا امانت کے طور پر رکھوایا تھا، لیکن وہ یہ سونا لے کر فرار ہوگئے ہیں، لہذا یہ سونا واپس دلوایا جائے۔
ایس پی کے مطابق: ’ہم نے تفتیش شروع کر دی ہے، موقعے سے شواہد بھی اکھٹے کر لیے گئے ہیں۔ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ ملزم کراچی فرار ہوا ہے، لہذا کراچی پولیس کی مدد سے ملزم کی تلاش جاری ہے۔ جلد ہی انہیں گرفتار کر کے سونا برآمد کر لیا جائے گا۔‘
دوسری جانب مدعی جیولر احمد صدیقی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا: ’ہم نے شیخ وسیم اختر کے پاس 20 کلو سونا رکھا ہوا تھا، لیکن وہ دو تین دن مارکیٹ نہیں آئے اور نہ ہی دکان کھولی۔ جس پر ہمیں تشویش ہوئی اور ان کی دکان کا تالا توڑ کر دیکھا تو سارا سونا غائب تھا۔ پھر ہم نے مارکیٹ میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ دیکھی تو وہ سونے کے باکس لے کر فرار ہو رہے تھے۔‘
بقول احمد صدیقی: ’انہوں نے ایک تاجر کو بتایا کہ ان کی بھابھی کا انتقال ہو گیا ہے، لہذا وہ کراچی جا رہے ہیں، لیکن بعد میں معلوم ہوا وہ اپنا مکان بھی فروخت کر چکے ہیں اور ایک اور تاجر سے 60 لاکھ روپے کمیشن کی مد میں لے چکے ہیں، لہذا میں نے تھانے میں کارروائی کے لیے درخواست دی ہے۔‘