پستان اُگ آنے والے مرد کو آٹھ ارب ڈالر کا ہرجانہ

نکولس مری نے شکایت کی تھی کہ جانسن اینڈ جانسن کمپنی کی دوا کھانے کے بعد ان کی چھاتیاں عورتوں کے پستانوں کی طرح اگ آئی تھیں۔

جانسن اینڈ جانسن کا شمار دنیا کی بڑی دوا ساز کمپنیوں میں ہوتا ہے (روئٹرز)

امریکی شہر فلاڈیلفیا کی ایک جیوری نے منگل کو کہا ہے کہ ادویات ساز کمپنی جانسن اینڈ جانسن ایک شخص کو آٹھ ارب ڈالر ہرجانہ ادا کرے جس نے شکایت کی تھی کہ اس کی چھاتیاں کمپنی کی دوا کھانے کے بعد عورتوں کے پستانوں کی طرح بڑھ گئی ہیں۔

نکولس مری نامی یہ شخص پہلے بھی اسی شکایت کے تحت کمپنی سے چھ لاکھ 80 ہزار ڈالر وصول کر چکا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ جب اس نے نفسیاتی مرض کے علاج کے رسپیرڈال نامی دوا استعمال کی تو اس کے پستان نکل آئے۔

مری کے وکیلوں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا: ’اس جیوری نے ایک بار پھر ایک ایسی کمپنی پر جرمانہ عائد کیا ہے جو مریضوں کی سلامتی پر اپنے نفعے کو ترجیح دیتی ہے۔ جانسن اینڈ جانسن اور جانسین نے بچوں کی بجائے اربوں کو فوقیت دی۔‘

جانسن اینڈ جانسن نے کہا کہ یہ سزا ’انتہائی غیرمناسب ہے اور کمپنی پُراعتماد ہے کہ اسے واپس لے لیا جائے گا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ جیوری کو رسپیرڈال کے فوائد کے شواہد دیکھنے کا موقع نہیں دیا گیا۔  

یونیورسٹی آف رچمنڈ کے سکول آف لا کے پروفیسر کارل ٹوبیاس نے خبررساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ انہیں توقع ہے کہ اپیل کے بعد جرمانہ کم کر دیا جائے گا۔  

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ یہ اس فیصلے کا مقصد ایک پیغام دینا ہے: ’جیوری اکثر بڑی رقموں کا فیصلہ کرتی ہے اور بعد میں وکیل اور جج اس پر کام کرتے ہیں۔‘

ٹوبیاس نے مزید کہا کہ جانسن اینڈ جانسن کو رسپیرڈال کے بارے میں اسی قسم کے مزید مقدموں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مری کا کہنا ہے کہ انہیں اس وقت رسپیرڈال دی گئی تھی جب وہ نوعمر تھے اور اس کے بعد ان کے پستان بڑھنا شروع ہو گئے۔

امریکی ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے 1993 میں رسپیرڈال کی منظوری دی تھی اور یہ سکٹزوفرینیا (شیزوفرینیا) اور بائی پولر مینیا جیسے دماغی امراض کے لیے استعمال ہوتی ہے۔

شکایت کنندگان کا کہنا ہے کہ جانسن اینڈ جانسن نے رسپیرڈال کے استعمال کے بعد مردوں میں پستان بڑھ جانے کے مضر اثرات کے بارے میں مریضوں کو مناسب طریقے سے آگاہ نہیں کیا۔

زیادہ پڑھی جانے والی صحت