پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) لیگ جمعرات کو اپنے روایتی چھ ٹیموں کے خول سے باہر نکل کر آٹھ ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں تبدیل ہو گئی ہے۔ اسلام آباد میں ہونے والی نیلامی کے بعد حیدر آباد اور سیالکوٹ کی ٹیموں کا اضافہ ہو گیا ہے۔
اسلام آباد کے کنونیشن سینٹر میں جمعرات کی شام پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کے لیے چھ شہروں کا انتخاب کیا گیا تھا جن میں سے کامیاب بولی کے بعد سیالکوٹ اور حیدر آباد کا انتخاب کیا گیا۔
نیلامی میں ساتویں ٹیم کے لیے بولی کا آغاز 110 کروڑ سے ہوا جبکہ ایف کے ایس نامی کمپنی نے طویل سلسلے کے بعد 175 کروڑ کی کامیاب بولی لگائی۔
کامیاب بولی کے بعد ایف کے ایس کے سامنے چھ شہروں کے نام تھے جن میں سے انہوں نے ایک کا انتخاب کرنا تھا۔
ان شہروں میں راولپنڈی، حیدر آباد، مظفر آباد، گلگت، سیالکوٹ اور فیصل آباد شامل تھے جن میں سے ایف کے ایس نے حیدر آباد کا انتخاب کیا۔
اس کے بعد دوسری یعنی پی ایس ایل کی آٹھویں ٹیم کے لیے بولی کا سلسلہ 170 کروڑ سے شروع ہوا۔
بولی میں شامل کمپنیوں کو آٹھویں ٹیم کے لیے بقیہ پانچ شہروں میں سے ایک کا انتخاب کرنا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اسلام آباد میں ہونے والی اس بولی میں او زی گروپ نے 185 کروڑ کی کامیاب بولی لگائی اور سیالکوٹ کے نام کا انتخاب کیا۔
او زی گروپ کے مطابق یہ گروپ ایک متنوع کاروباری ادارہ ہے، جو ٹریڈنگ، ٹیکنالوجی، رئیل اسٹیٹ اور فوڈ سروسز کے شعبوں میں کام کر رہا ہے۔
حمزہ مجید چوہدری کی قیادت میں گروپ نے پاکستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور متحدہ عرب امارات میں اپنی موجودگی کو وسعت دی ہے اور جدت، توسیع اور مضبوط کارپوریٹ گورننس کے حوالے سے ایک مستحکم ساکھ قائم کی ہے۔
ان دو شہروں کے شامل ہونے کے بعد پاکستان سپر لیگ میں ٹیموں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔ اس سے قبل پی ایس ایل کی چھ ٹیموں میں پشاور زلمی، کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز شامل تھیں۔