انڈین سکیورٹی مشیر کا بیان ’اشتعال انگیز اور حقیقت سے دور‘: پاکستان

پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ نے انڈیا کے سکیورٹی مشیر کے بیانات کو ’نفرت پھیلانے والوں کی زبان‘ قرار دیا۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے بدھ کو انڈین سکیورٹی مشیر کے بیان کے حوالے سے میڈیا سوالات کا جواب دیا (فائل فوٹو/ انڈپینڈنٹ اردو)

پاکستان کی وزارت خارجہ نے بدھ کو انڈین نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر اجیت ڈوول کے ایک حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی ’اشتعال انگیز‘ تقاریر حقیقت سے دور ہیں اور ذمہ دار ریاستی پالیسی کے منافی ہیں۔

وزارتِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے پریس ریمارکس میں کہا ہے کہ انہوں نے انڈیا کے سکیورٹی مشیر کے بیانات دیکھے ہیں، جن میں تاریخ کے ’انتقام‘ لینے کی بات کی گئی تھی، جسے انہوں نے ’نفرت پھیلانے والوں کی زبان‘ قرار دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ تصوراتی تاریخی انتقامات کو ذمہ دار سفارتی حکمتِ عملی کے متبادل کے طور پر پیش کرنا ناقابلِ قبول ہے، اور ایسی باتیں بین الاقوامی قانون اور ریاستوں کے باہمی احترام کے اصولوں کے خلاف ہیں۔

انڈیا کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول نے ایک تقریب میں کہا تھا کہ ’تاریخ ہمیں چیلنج کرتی ہے۔ ہر نوجوان کے اندر وہ آگ ہونی چاہیے۔ ’بدلہ‘ لفظ اچھا لفظ نہیں لیکن بدلہ خود ایک طاقت ہے۔ ہمیں اپنی تاریخ کا بدلہ لینا ہے۔‘

اجیت ڈوول نے 10 جنوری کو ’ڈویلپڈ انڈیا ینگ لیڈرز ڈائیلاگ - 2026‘ میں موجود سامعین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ بہت خوش قسمت ہیں کہ آپ ایک ایسے انڈیا میں پیدا ہوئے جو آزاد ہے۔ انڈیا ہمیشہ اتنا آزاد نہیں تھا جیسا کہ آپ کو نظر آتا ہے۔ ہمارے آباؤ اجداد نے اس کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں، بہت ذلتیں برداشت کی ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمارے گاؤں جلا دیے گئے، ہماری تہذیب کو تباہ کر دیا گیا، ہمارے مندروں کو لوٹ لیا گیا، ہم خاموش تماشائیوں کی طرح بے بسی سے دیکھتے رہے، یہ تاریخ ہمیں چیلنج کرتی ہے۔ لفظ بدلہ اچھا نہیں ہے، لیکن انتقام بذات خود ایک بڑی طاقت ہے۔‘

’ہمیں اپنی تاریخ کا بدلہ لینا ہے۔ ہمیں اس ملک کو ایک ایسی جگہ پر واپس لانا ہے جہاں ہم اپنے حقوق، اپنے نظریات اور اپنے عقائد کی بنیاد پر ایک عظیم انڈیا بنا سکتے ہیں۔‘

یہ ردعمل ایسے وقت میں آیا ہے جب پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کئی محاذوں پر بڑھ رہی ہے، خاص طور پر سرحدی سکیورٹی اور سکیورٹی خدشات کے تناظر میں، جن پر دونوں اطراف سے الزام تراشیاں سامنے آئی ہیں۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان