وادی تیراہ: برف میں پھنسے 1500 افراد محفوظ مقام پر منتقل

ریسکیو 1122 کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اب تک امدادی سرگرمیوں میں 100 سے زیادہ افراد کو طبی معاونت فراہم کی گئی ہے۔

ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا کی جانب سے 24 جنوری، 2026 کو فراہم کی گئی اس تصویر میں وادی تیراہ میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں (ریسکیو 1122)

صوبہ خیبر پختونخوا میں ریسکیو 1122 نے ہفتے کو بتایا کہ شدید برف باری سے متاثرہ وادی تیراہ میں پھنسے 1,500 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے.

جمعے کو وادی میں مجوزہ آپریشن کی تیاری کے سلسلے میں تیراہ سے نقل مکانی کرنے والے بڑی تعداد میں خاندان ضلع خیبر میں برفانی طوفان کے باعث پھنس گئے تھے۔

ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کے ترجمان بلال احمد فیضی نے ایک بیان میں کہا کہ وادی میں پھنسے ہوئے افراد کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ترجمان نے بتایا کہ خیبر، پشاور، مردان، نوشہرہ اور صوابی کے ریسکیو 1122 ڈویژنز کے 100 سے زائد اہلکار اور افسران اس آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب تک 100 سے زیادہ افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے جبکہ 350 گاڑیوں کو بھی محفوظ مقام پر پہنچایا گیا۔

بعد ازاں ایک اور بیان میں فَیضی نے کہا کہ ریسکیو آپریشن 36 گھنٹے سے زیادہ عرصے سے جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’شدید سردی، منفی درجہ حرارت اور دشوار گزار راستوں کے باوجود ریسکیو اہلکار میدان میں موجود ہیں اور بلا تعطل ریسکیو سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔‘

پاکستان کے مختلف علاقوں میں جمعرات سے جاری بارش اور برف باری کے باعث جہاں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے وہیں سڑکوں کی بندش اور چند مقامات پر حادثات پیش آنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

جمعے کو لوئر چترال کے علاقے ڈومیل میں ایک گھر پر برفانی تودہ گرنے سے نو افراد جان سے چلے گئے تھے جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہوا تھا۔

محکمہ موسمیات نے اتوار (25 جنوری) کی رات سے منگل (27 جنوری) تک ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برف باری کی پیشگوئی کی ہے۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان