پاکستان میں برف باری: چترال میں نو اموات، مری کے راستے بند

خیبر پختونخوا میں ریسکیو حکام کے مطابق جمعے کو لوئر چترال کے علاقے ڈومیل میں ایک گھر پر برفانی تودہ گرنے سے نو افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ مری جانے والے راستے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں برفباری کے باعث بند شاہراوں كو کھولنے کا عمل جاری ہے (پی ڈی ایم اے کے پی/ایکس)

خیبر پختونخوا میں ریسکیو حکام کے مطابق جمعے کو لوئر چترال کے علاقے ڈومیل میں ایک گھر پر برفانی تودہ گرنے سے نو افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہو گیا ہے۔

ریسکیو 1122 کی جانب سے جاری بیان کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔

پاکستان کے مختلف علاقوں میں جمعرات سے جاری بارش اور برف باری کے باعث جہاں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے وہیں سڑکوں کی بندش اور چند ایک مقامات پر حادثات پیش آنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

پاکستان کے سیاحتی مقام مری میں بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث وہاں مزید سیاحوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح جمعرات کو خیبر پختونخوا کی وادی تیراہ میں بھی ریسکیو حکام کے مطابق ممکنہ فوجی آپریشن کے باعث نکل مکانی کرنے والے متاثرین کی گاڑیاں نکلیں، جو برف باری سے سڑک پر پھسلن کی وجہ سے پھنس گئیں۔

جس کے بعد ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا گیا تاکہ 20 کے قریب گاڑیوں میں پھنسے افراد کو محفوظ مقام پر پہنچایا جائے۔

اب لوئر چترال دروش ارندو کے علاقے ڈومیل میں ایک گھر پر برفانی تودہ گرنے واقعہ پیش آیا ہے جس میں 9 افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہوا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ریسکیو حکام کے مطابق مرنے والوں میں 4 خواتین اور 5 مرد شامل ہیں۔

جاری بیان کے مطابق ریسکیو 1122 کی جانب سے امدادی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے اور تمام مرنے والوں کی لاشیں برف سے نکال لی گئی ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شدید برف باری کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا رہا۔ زخمی بچے کو فوری طبی امداد فراہم کر کے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے،جبکہ مرنے والوں کی لاشیں ان کے آبائی علاقے دروش ورڈب پہنچا دی گئی ہیں۔

دوسری جانب پنجاب کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے نے جمعے کو بتایا کہ مری میں گذشتہ روز سے 18 انچ تک برف پڑ چکی ہے جبکہ گلیات و گردونواح میں برف باری کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

بیان کے مطابق سترہ میل سے مری جانے والی سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے جبکہ مال روڈ سے براستہ جھیکا گلی ایکسپریس وے اسلام آباد راولپنڈی کے لیے کھول دی گئی ہے۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان