صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور بعض علاقوں میں برف باری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق چار اور پانچ نومبر کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں ہلکی بارش کا امکان ہے، جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔
این ڈی ایم اے نے موسم سرما کے آغاز پر (اکتوبر میں) موسمی صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ رواں برس پاکستان میں موسمیاتی مظہر لانینیا کے تحت بارشیں کم ہوں گی مگر آئندہ چار ماہ میں سرد ہوائیں آئیں گی جب کہ فروری اور مارچ میں زیادہ برف باری کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے سینیئر ڈائریکٹر رسک اسسمنٹ این ڈی ایم اے طیب شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ گذشتہ برس پاکستان میں سردی میں بہت زیادہ شدت نہیں تھی جس کی وجہ ایل نینیا کے موسمی اثرات تھے جبکہ رواں برس لانینیا جو ایل نینیا کے متضاد ہے، اس کے اثرات پاکستان پر مرتب ہوں گے۔
لا نینیا ایک قدرتی موسمیاتی مظہر ہے، جو بحرالکاہل میں پانی کی سطح کے درجہ حرارت میں تبدیلی سے پیدا ہوتا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
‘انہوں نے بتایا تھا کہ ’سردیوں میں بارشیں اور برف باری شمالی علاقوں میں ہوں گی۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں بارشیں کم ہونے کا امکان ہے۔ آنے والے تین ماہ میں درجہ حرارت گذشتہ 10 برس کے مقابلے میں معمول سے کم ریکارڈ ہو گا۔
منگل کو محکمہ موسمیات نے لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، تلہ گنگ، جہلم، سرگودھا، خوشاب، گجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ مری اور گلیات سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں برف باری کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق ’ممکنہ بارشوں سے فضاء میں موجود سموگ میں کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ سموگ سے بچاؤ کے لیے ماسک کا استعمال کریں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔‘
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ ’خراب موسم کے دوران شہری غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، دورانِ سفر فوگ لائٹس کا استعمال لازمی بنائیں، اور کسان اپنی زرعی سرگرمیوں کو موسم کے مطابق ترتیب دیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں موسم کی صورت حال کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ جاری ہے جبکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں شہری پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔‘
اکتوبر میں این ڈی ایم اے ٹیک ٹیم کی رکن زہرہ حسن نے بتایا تھا کہ ’لاہور ملتان اور فیصل آباد سمیت جتنے بھی شہری علاقے ہیں یہاں سموگ کی صورت حال دکھائی دے گی۔
’سموگ کی وجہ سے درجہ حرارت کم ہوتا اور خشکی بڑھتی ہے۔ نومبر اور دسمبر میں سموگ کا جو نقشہ بنایا ہے اس کے مطابق لاہور قصور ملتان ننکانہ صاحب ،رحیم یار خان میں نومبر میں ہوا میں آلودگی 400 سے زائد ہو گی۔‘