18 دسمبر تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان: حکام

قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کی ایڈوائزری کے مطابق میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ پہاڑی اور بالائی علاقوں میں شدید برف باری کا امکان ہے۔

کوئٹہ میں 29 جنوری 2004 کو برف باری کے بعد ایک پاکستانی خاتون سنو مین کے ساتھ تصویر بنوا رہی ہیں (روئٹرز)

قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 13 سے 18 دسمبر کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں برف باری اور بارشوں کی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی جانب سے ہفتے کو جاری ایڈوائزری کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، کوہستان، گلگت بلتستان، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری متوقع ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق: ’13 سے 15 دسمبر کے دوران مغربی ہواؤں کا سلسلہ شمالی و مغربی پاکستان کے مختلف علاقوں میں اثرانداز ہو گا جس کے نتیجے میں دھند کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔‘

اسی طرح ’میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش جب کہ پہاڑی اور بالائی علاقوں میں شدید برف باری کا امکان ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایڈوائزری میں مزید بتایا گیا کہ کوہستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برف باری کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور بعض مقامات پر سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔

 کوئٹہ، زیارت اور شمال مغربی بلوچستان کے بعض علاقوں میں بھی ہلکی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ 16 سے 18 دسمبر کے دوران برف باری کی شدت میں کمی کی توقع ہے تاہم سردی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ شمالی علاقوں میں متعدد مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی برف باری متوقع ہے۔

 این ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری پہاڑی سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

اس کے علاوہ این ڈی ایم اے ممکنہ موسمی صورت حال اور خطرات کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو بھی پیشگی آگاہی فراہم کر رہا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ماحولیات