مری میں برفباری کے دوران حال ہی میں ہونے والی اموات کے بعد سوات میں سیاحوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ہوٹل ایسوسی ایشن نے خصوصی پیکج کا اعلان کیا ہے جب کہ ہر ہوٹل میں ایمرجنسی کی صورت میں سیاحوں کی مدد کے لیے ایک کمرہ بھی مختص کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
سوات کے سیاحتی مقامات کالام اور بحرین میں ہوٹل ایسوسی ایشن نے 30 فی صد رعایت کا اعلان کیا ہے جس سے سیاح فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ مالم جبہ میں 25 فی صد رعایت دی جارہی ہے جب کہ میاندم میں 20 فی صد رعایت کے ساتھ ساتھ ہفتے میں تین دن ہوٹلوں کے تین کمرے سیاحوں کو مفت فراہم کرنے کی سہولت دی گئی ہے، جو ’پہلے آئیے پہلے پائیے‘ کی بنیاد پر پہلے پہنچنے والے سیاحوں کو دیے جائیں گے۔
سوات کے بعض مقامات پر 50 فی صد تک کمروں کے کرایوں میں رعایت دی جا رہی ہے جب کہ ضلعے کے ہر ہوٹل میں ایک کمرہ ضلعی انتظامیہ کے احکامات پر مختص کیا گیا ہے جسے ایمرجنسی کی صورت میں سیاحوں کو مفت دیا جائے گا۔
ہوٹل ایسوسی ایشن کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کے مطابق انہوں نے بھی ایمرجنسی حالات کی صورت میں اپنے گھر سیاحوں کے لیے کھلے رکھے ہیں۔
کالام ہوٹل ایسوسی ایشن کے صدر ودود خان کا کہنا ہے کہ کالام کے ہوٹل مالکان نے برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لیے آنے والے سیاحوں کو 30 فی صد ڈسکاؤنٹ کا اعلان کیا ہے۔ ’اس کے علاوہ اگر کسی سیاح کو کہیں پر مشکلات ہوں یا ان کی گاڑی کہیں پھنس جائے تو وہ ہم سے رابطہ کر سکتے ہیں، ہماری پوری ٹیم ان کی مدد کے لیے حاضر ہو گی۔‘
کالام میں ایک ہوٹل کے مالک ممتاز خان کا کہنا ہے کہ مری کے افسوس ناک واقعے کے بعد ہم نے ہوٹل میں ایک کمرہ انتظامیہ کے حوالے کیا ہے اور باقی کمروں پر 50 فی صد ڈسکاؤنٹ رکھا گیا ہے۔ ’جو بھی کسٹمر آئیں وہ مہمان کی صورت میں آئیں، ہماری طرف سے ان کے ساتھ بھرپور رعایت کی جائے گی، جو بھی سیاح یہاں کسی وجہ سے مشکلات میں پھنس جائیں تو ان کے لیے مفت کمرے اور مفت خوراک کا بھی ہم نے اعلان کیا ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کراچی سے آئے ہوئے ایک سیاح عتیق اللہ نے بتایا کہ ’ہمیں کالام میں 30 فی صد رعایت کے ساتھ کمرہ ملا ہے جس سے ہم بہت خوش ہیں، ہوٹل والے اور یہاں کے مقامی لوگ بہت تعاون کر رہے ہیں۔‘
سوات میں ہوٹل ایسوسی ایشن کے ساتھ ضلعی انتظامیہ بھی سیاحوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے متحرک ہے۔ پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کی 24 گھنٹے سیاحتی مقامات پر ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں جب کہ وقفے وقفے سے مرکزی شاہراہوں سے برف ہٹائی جا رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سوات کے تمام ہوٹلوں میں ایک کمرہ مختص کیا گیا ہے، جسے ایمرجنسی کی صورت میں استعمال میں لایا جائے گا۔