آسٹریلیا میں 48 گھنٹوں میں چوتھے شارک حملے کے بعد درجنوں ساحل بند

پولیس، لائف گارڈز اور میری ٹائم حکام نے خبردار کیا کہ کئی دنوں کی شدید بارش کے بعد سمندری حالات بدستور خطرناک ہیں۔

19 جنوری 2026 کو ایک میرین لائف رینجر سڈنی میں نارتھ سٹین بیچ کے بند اشارے کے قریب کھڑا ہے (اے ایف پی)

آسٹریلیا میں 48 گھنٹوں کے دوران چوتھے شارک حملے کی اطلاع کے بعد درجنوں ساحل بند کر دیے گئے ہیں اور لوگوں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تازہ ترین واقعہ منگل کی صبح نیو ساؤتھ ویلز (این ایس ڈبلیو) کے مڈ نارتھ کوسٹ میں پوائنٹ پلومر کے قریب پیش آیا، جہاں ایک 39 سالہ سرفر کو قومی پارک کے کیمپ گراؤنڈ کے قریب سرفنگ کے دوران شارک نے کاٹ لیا۔
مقامی ہیلتھ ڈسٹرکٹ کے مطابق، زخمی شخص کو معمولی چوٹوں کے ساتھ مستحکم حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

یہ واقعہ اتوار سے سڈنی اور اس کے گرد و نواح کے ساحلی علاقوں میں شارک کے متعدد واقعات کے بعد پیش آیا، جس کے باعث پولیس، لائف گارڈز اور میری ٹائم حکام نے خبردار کیا کہ کئی دنوں کی شدید بارش کے بعد سمندری حالات بدستور خطرناک ہیں۔

سرف لائف سیونگ این ایس ڈبلیو کے چیف ایگزیکٹو سٹیون پیئرس، جو نیو ساؤتھ ویلز اور آسٹریلین کیپیٹل ٹیریٹری میں ساحلی حفاظت کو فروغ دینے والا ادارہ ہے، نے کہا کہ ساحل کے بڑے حصے میں پانی کا معیار اس وقت غیر محفوظ ہے اور لوگوں کو مکمل طور پر تیراکی سے گریز کرنا چاہیے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے اے بی سی کو بتایا: ’اگر کوئی آج صبح ناردرن بیچز کے کسی بھی حصے میں سمندر میں جانے کا سوچ رہا ہے تو دوبارہ غور کرے۔

پانی کا معیار انتہائی خراب ہے جو بل شارک کی سرگرمی کے لیے سازگار ہے۔ اس وقت دو افراد شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں ہیں۔ بس کسی مقامی سوئمنگ پول چلے جائیں، کیونکہ اس مرحلے پر ہم مشورہ دے رہے ہیں کہ ساحل غیر محفوظ ہیں۔‘

حکومتی پروگرام نیو ساؤتھ ویلز شارک سمارٹ، جو شارک کے کاٹنے کے خطرات کم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے، نے منگل کو صبح 10 بجے کے فوراً بعد پوائنٹ پلومر میں ایک ’شارک واقعے‘ کی تصدیق کی۔ علاقے میں لائف گارڈ ٹیمیں اور ڈرون نگرانی تعینات کر دی گئی، جبکہ احتیاطی طور پر ٹاؤن بیچ سے کریسنٹ ہیڈ تک کے ساحل بند کر دیے گئے۔

یہ تازہ واقعہ اس کے بعد پیش آیا جب اتوار کی دوپہر سڈنی ہاربر کے نیلسن پارک کے قریب ایک 12 سالہ لڑکا شارک کے حملے میں شدید زخمی ہو گیا تھا۔ لڑکا، جو ایک مقبول چٹانی کنارے کے قریب دوستوں کے ساتھ تیراکی کر رہا تھا، دونوں ٹانگوں پر شدید زخموں کے باعث تاحال ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

پولیس کے مطابق، لڑکے کو اس کے دوستوں نے پانی سے نکالا، جس کے بعد افسران نے شدید خون بہنے کو روکنے کے لیے ٹورنی کیٹ لگائے۔ بعد ازاں نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے خبردار کیا کہ شدید بارش اور بہاؤ کے باعث ہاربر میں پانی کی مٹیالی کیفیت (brackish conditions) نے حدِ نگاہ کم کر دی ہے اور شارک سے سامنا ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

پیر کے روز، سڈنی کے ناردرن بیچز میں ڈی وہائی بیچ پر ایک 11 سالہ سرفر اس وقت محفوظ رہا جب شارک نے اس کے بورڈ کو کئی بار کاٹا۔ ساحل بند کر دیا گیا، وارننگ سائن لگائے گئے اور گشت شروع کیا گیا، تاہم مزید کوئی شارک نظر نہیں آیا۔

اسی دن بعد میں، 27 سالہ شخص کو مینلی بیچ پر سرفنگ کے دوران شارک نے کاٹ لیا، جسے نازک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اس کے بعد سڈنی کے ناردرن بیچز کونسل کے تمام ساحل کم از کم جمعرات تک بند کر دیے گئے۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ حالیہ موسمی حالات نے ساحل کے قریب شارک کی سرگرمی بڑھنے کے امکانات پیدا کر دیے ہیں۔

جیمز کک یونیورسٹی کی میرین بایولوجسٹ پروفیسر جوڈی رمر کے مطابق، شدید بارش اور گرم پانی مچھلیوں کو ساحلی علاقوں کی طرف کھینچ لاتے ہیں، جو شکاری جانوروں کو متوجہ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا: ’طوفان اور دریاؤں کے بہاؤ سے سیلابی دھارائیں بنتی ہیں جو غذائی اجزا اور مچھلیوں کو ساحلی پانیوں تک لے آتی ہیں، جس سے شکار بننے والی انواع اور پھر شارک جیسے شکاری متوجہ ہوتے ہیں۔
’بل شارک خاص طور پر شدید بارش کے بعد دریاؤں کے دہانوں اور مٹیالے ساحلی پانیوں میں آنے جانے میں آرام محسوس کرتے ہیں۔‘

کوئنز لینڈ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کی شارک رویّے کی ماہر ڈاکٹر وکٹوریہ کیمیلیئری-ایش نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث پانی کے درجہ حرارت میں اضافہ بھی شارک کے ساحلی علاقوں میں زیادہ وقت گزارنے کا سبب بن رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’پانی کے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث شارک زیادہ بلندی والے علاقوں میں زیادہ وقت گزار رہی ہیں اور اپنے گرمائی ٹھکانوں میں طویل عرصے تک رہتی ہیں، جس سے انسانوں کے ساتھ ان کا آمنا سامنا بڑھ جاتا ہے۔‘

تحفظِ فطرت کے اعداد و شمار کے مطابق، آسٹریلیا میں سالانہ اوسطاً تقریباً 20 شارک حملے رپورٹ ہوتے ہیں، جن میں اوسطاً تین سے کم اموات ہوتی ہیں۔ تاہم حکام نے عوام پر زور دیا ہے کہ ساحل کی بندش پر عمل کریں اور خاص طور پر شدید بارش کے بعد مٹیالے پانی میں تیراکی سے گریز کریں۔

© The Independent

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ماحولیات