نیٹ فلکس سیریز کی ٹیم پر شوٹنگ کے دوران ’بھوکی‘ شارک کا حملہ

انکشاف ہوا ہے کہ امریکی ریاست ہوائی کے شمال میں بحرالکاہل کے پانیوں میں اوور پلینیٹ ٹو کی شوٹنگ کے دوران عملے کے ارکان کا شارک مچھلیوں کے ساتھ بہت ہی قریب سے سامنا ہوا تھا۔

فرانس میں ایک پول کے اندر ٹائگر شارک تیر رہی ہے جبکہ ایک بچی اپنے موبائل سے اس کی ویڈیو بنا رہی ہے (فائل فوٹو/ اے ایف پی)

برطانوی براڈکاسٹر ڈیوڈ اٹنبرو نیٹ فلکس کی دستاویزی سیریز ’اوور پلینٹ ٹو‘ (Our Planet II)  کی فلم بندی کے دوران عملے کا ’ناقابل یقین حد تک بھوکی‘ ٹائیگر شارک کے ساتھ ’خوفناک‘ تصادم ہوا۔

ڈیوڈ اٹنبرو کی ماحولیات پر بننے والی چار حصوں پر مشتمل دستاویزی فلم کو بدھ (14 جون) کو نیٹ فلکس پر ریلیز کیا گیا۔

سیریز کا یہ سیزن اس سے قبل 2019 میں نشر کیے جانے والے آٹھ قسطوں پر مشتمل پہلے سیزن ’اوور پلینٹ‘ (Our Planet) کا تسلسل ہے۔

اب یہ انکشاف ہوا ہے کہ امریکی ریاست ہوائی کے شمال میں بحرالکاہل کے پانیوں میں شو کی شوٹنگ کے دوران عملے کے ارکان کا شارک مچھلیوں کے ساتھ بہت ہی قریب سے سامنا ہوا تھا۔

سیریز کے لیے ایمی ایوارڈ جیتنے والی ٹیم ہوائی کے شمال مغربی جزائر میں سے ایک لیسین کے قریب سمندر میں وہیل کے شاٹس لے رہی تھی جب شارک نے ان پر حملہ کر دیا۔ بھوکی شارک نے ہوا سے بھری ان کی ربڑ کی کشتیوں کو کاٹ کر ان میں بڑے سوراخ کر دیے۔

ریڈیو ٹائمز سے بات کرتے ہوئے شو کے ڈائریکٹر ٹوبی نولان نے کہا کہ شارک کا رویہ ’انتہائی غیر معمولی‘ تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ مچھلیاں ’ناقابل یقین حد تک بھوکی‘ لگ رہی تھیں۔

ہدایت کار نے مزید کہا: ’پانی کا یہ درندہ ہماری طرف لپکتا ہوا آیا اور اس ٹائیگر شارک نے کشتی پر چھلانگ لگا دی اور اس میں بڑے سوراخ کر دیے جس سے پوری کشتی پھٹ گئی۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’ہم اسے دور کرنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن ہم ایسا نہیں کر پا رہے تھے۔ یہ خوفناک تھا۔ اس دن یہ دوسری شارک تھی جس نے ہم پر حملہ کیا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

خوش قسمتی سے ٹیم ساحل سے محض تقریباً 100 میٹر کے فاصلے پر تھی اور کشتی کے مکمل طور پر ڈوبنے سے پہلے ہی ٹیم ساحل تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئی۔

نولان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ ناقابل یقین حد تک بھوکی تھیں کیوں کہ شاید وہاں قدرتی خوراک کی قلت تھی اور وہ پانی میں ہر شے کو کھانے کی کوشش میں تھیں۔‘

سیریز کے پروڈیوسر ہو کارڈی نے فوربس کو بتایا کہ دو شارکس نے ٹیم پر حملہ کیا۔

انہوں نے کہا: ’یہ ان کے جبڑے سے بچ کر نکلنے جیسا تھا۔ عملہ گھبرا گیا جنہوں نے فوری طور پر ساحل پر ہنگامی لینڈنگ کی۔‘

کارڈی نے کہا کہ اصل منصوبہ یہ تھا کہ لیسین کے ساحل کے قریب شیلوز پر انتظار کرنے والی ٹائیگر شارک کو پانی کے اندر شوٹ کیا جائے۔

ان کے بقول: ’یہ کہنا کافی ہے ہم ان کو پانی کے نیچے شوٹ نہیں کر پائے۔‘

’اوور پلینٹ ٹو‘ اب نیٹ فلکس پر دستیاب ہے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم