افواج تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہیں، تیزی سے جدید ٹیکنالوجی اپنا رہی ہیں: فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا: ’جنگ کی نوعیت میں نمایاں طور پر ارتقا آ چکا ہے، جہاں ٹیکنالوجی میں پیش رفت اس تبدیلی کو آگے بڑھا رہی ہے اور یہ ہر سطح پر فکری تبدیلی کا تقاضا کرتی ہے۔‘

فیلڈ مارشل عاصم منیر 29 جنوری 2026 کو بہاولپور گیریژن کے دورے کے موقعے پر، جہاں انہیں کور کی مختلف عملیاتی، تربیتی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی (آئی ایس پی آر)

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جمعرات کو کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج متعدد شعبوں میں بڑی تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہیں اور تیزی سے ٹیکنالوجی کو اپنا رہی ہیں۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جمعرات کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بہاولپور گیریژن کے دورے کے موقعے پر کیا، جہاں انہیں کور کی مختلف عملیاتی، تربیتی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے اس موقعے پر کہا کہ ’پاکستان کی مسلح افواج متعدد شعبوں میں بڑی تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہیں۔ جنگ کی نوعیت میں نمایاں طور پر ارتقا آ چکا ہے، جہاں ٹیکنالوجی میں پیش رفت اس تبدیلی کو آگے بڑھا رہی ہے اور یہ ہر سطح پر فکری تبدیلی کا تقاضا کرتی ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا: ’مستقبل میں تکنیکی حربے جسمانی حرکات کی جگہ لیں گے اور جارحانہ و دفاعی کارروائیوں کے طریقۂ کار کو بنیادی طور پر تبدیل کر دیں گے، اسی لیے پاکستان کی مسلح افواج تیزی سے ٹیکنالوجی کو اپنا رہی ہیں۔ اس عمل میں اختراع، مقامی تیاری اور موافقت بنیادی ستون رہیں گے۔‘

اس موقعے پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور عملیاتی تیاری کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ’پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے خطرات کے خلاف پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔‘

ساتھ ہی انہوں نے مستقبل کے میدانِ جنگ اور سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطح کی تیاری برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورس نے خیرپور تماولی میں منعقدہ اعلیٰ شدت کی فیلڈ مشق ’سٹیڈ فاسٹ ریزولو‘ کا مشاہدہ کیا، جس میں بغیر پائلٹ فضائی نظام (ڈرونز)، جدید نگرانی کے ذرائع، الیکٹرانک وارفیئر کے اثاثے اور جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم جیسی مخصوص ٹیکنالوجیز کے باہمی انضمام کا مظاہرہ کیا گیا۔

اس سے قبل ازیں فیلڈ مارشل نے روہی ای سکلز لرننگ ہب (سپیشل ٹیکنالوجی پارک) کا افتتاح بھی کیا، جس کا مقصد بالخصوص جنوبی پنجاب اور ملک بھر کے طلبہ کے لیے ڈیجیٹل مہارتوں اور سیکھنے کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔

بعد ازاں انہوں نے ای ایم ای ریجنل ورکشاپ کا دورہ کیا، جہاں انہیں جدید ٹیکنالوجیز، مقامی تیاری اور دیگر جنگی معاون اقدامات کے ذریعے جدید پلیٹ فارمز کو برقرار رکھنے کے لیے اپنائے گئے دیکھ بھال کے نظام پر بریفنگ دی گئی۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان