|
ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ جنگ 18ویں روز بھی جاری ہے۔ امریکہ نے اسے ’آپریشن ایپک فیوری‘ جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کو ’وعدہ صادق 4‘ کا نام دیا ہے۔
تازہ ترین اپ ڈیٹس |
دن 11 بج کر 11 منٹ
سعودی عرب نے متعدد ڈرون مار گرائے، ایرانی حملوں کا سلسلہ جاری
سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے تصدیق کی ہے کہ جمعہ کی صبح فضائی دفاعی نظام نے 26 ڈرونز کو مار گرایا جبکہ خلیجی ممالک پر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
عرب نیوز کے مطابق حکام نے بتایا ہے کہ کویت اورمتحدہ عرب امارات بھی میزائل حملوں اور ڈرون حملوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
سعودی وزارتِ دفاع کے مطابق زیادہ تر ڈرونز کو مشرقی علاقوں پر مار گرایا گیا، جہاں مملکت کی بڑی آئل ریفائنریز واقع ہیں، جبکہ ایک ڈرون کو شمالی صوبے میں تباہ کیا گیا۔
بحرین کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ایک دھماکے کے نتیجے میں ایک گودام میں آگ بھڑک اٹھی تاہم اس پر قابو پا لیا گیا ہے اور اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بحرین نے اسے ’ایرانی جارحیت‘ قرار دیا ہے۔
صبح 10 بجے
کویتی آئل ریفائنری، دیگر خلیجی ممالک پر حملے جاری
کویت کی مینا الاحمدی آئل ریفائنری پر جمعہ کو ڈرون حملے ہوئے ہیں جس سے آگ لگ گئی لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا دوسری جانب جبکہ دوسری جانب خلیجی ممالک پر بھی ایران کی جانب سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
سرکاری کویت نیوز ایجنسی نے قومی تیل کمپنی کے حوالے سے کہا۔ ’مینا الاحمدی ریفائنری... آج صبح کئی دشمن ڈرون حملوں کا شکار ہوئی، جس سے اس کے کچھ یونٹس میں آگ لگ گئی،‘ اور مزید کہا کہ ’کئی ریفائنری یونٹس بند کر دیے گئے ہیں۔‘
صبح 9 بج کر 45 منٹ
اسرائیل کے ایران پر حملوں کا سلسلہ پھر سے شروع
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ گذشتہ رات اسرائیل پر ایرانی میزائل داغے جانے کے بعد، اس نے جمعے کو علی الصبح تہران پر حملوں کا ایک سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق ایک فوجی بیان میں مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا گیا کہ اسرائیلی فورسز نے ’تہران بھر میں ایرانی دہشت گرد حکومت کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بناتے ہوئے حملوں کا ایک سلسلہ شروع کر دیا ہے۔‘
اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو کے اس اعلان کے بعد کہ جنگ نے ایران کو ’تباہ‘ کر دیا ہے، ایران نے جمعرات کو رات گئے اسرائیل پر میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
ابتدائی حملوں میں سے ایک کے دوران بیت المقدس کے شہر بھر میں فضائی حملے کے سائرن بجائے گئے۔ اے ایف پی کے نامہ نگاروں نے شہر کے اوپر کئی زور دار دھماکے سنے۔
میگن ڈیوڈ ایڈوم ایمرجنسی سروسز نے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں دی تاہم پولیس نے کہا کہ کئی مقامات پر نقصان ہوا ہے۔
اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ شمالی شہر حیفہ اور اس کے مضافات میں ایک تعلیمی ادارے پر میزائل کے ٹکڑے گرے۔
صبح 9 بجے
امریکی ایف 35 سٹیلتھ جنگی طیارے کی ہنگامی لینڈنگ
امریکی میڈیا نے جمعرات کو رپورٹ کیا ہے کہ ایک امریکی ایف 35 سٹیلتھ جنگی طیارے نے مبینہ ایرانی فائرنگ کی زد میں آنے کے بعد مشرق وسطیٰ میں امریکی ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز نے اے بی سی اور سی این این سمیت دیگر اداروں کی اطلاعات کی تصدیق کیے بغیر ایک بیان میں کہا، ’طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا، اور پائلٹ کی حالت مستحکم ہے۔‘
ٹم ہاکنز نے مزید کہا کہ ’اس واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔‘
ایران کے خلاف جنگ کے دوران امریکہ متعدد طیاروں سے محروم ہو چکا ہے، جن میں کویتی فورسز کے ہاتھوں غلطی سے مار گرائے گئے تین ایف 15 اور عراق میں تباہ ہونے والا ایک کے سی 135 ری فیولنگ طیارہ شامل ہیں، لیکن ان میں سے کوئی بھی ایسا نہیں جس کے بارے میں معلوم ہو کہ وہ ایرانی فائرنگ کا نشانہ بنا ہو۔
خطے میں امریکی فوجی دستوں کی، جن میں ایف 35 طیارے بھی شامل ہیں، بھاری تعداد جمع ہونے کے بعد امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے خلاف ایک وسیع فضائی مہم شروع کر رکھی ہے۔
28 فروری کو اس آپریشن کے آغاز کے بعد سے اب تک 13 امریکی اہلکار مارے جا چکے ہیں۔ چھ نے کے سی 135 طیارے کے حادثے میں اور سات جنگ کے ابتدائی دنوں میں ایرانی حملوں میں جان گنوائی۔
امریکی فوج کے مطابق جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک مشرق وسطیٰ کے سات ممالک میں لگ بھگ 200 امریکی فوجی اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں سے بیشتر پہلے ہی اپنی ڈیوٹی پر واپس آ چکے ہیں۔