امریکی مطالبات پر پاکستان سے مشاورت ضروری تھی: ایران

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب کو ٹیلی فون کر کے خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے 25 اپریل، 2026 کو اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی (اے ایف پی/ پی آئی ڈی)

  • عباس عراقچی اہم ملاقاتوں کے بعد پاکستان سے روانہ ہو گئے: ایرانی سرکاری میڈیا
  • ایران مذاکرات چاہتا ہے تو ہمارے پاس آ سکتا ہے یا ہمیں کال کر سکتا ہے: صدر ٹرمپ

  • ایرانی بندر گاہوں کی ناکہ بندی جاری: سینٹ کام

صدر پوتن کا عباس عراقچی سے ملاقات میں ایران کی حمایت کا اعادہ

روس کے صدر ولادی میر پوتن نے پیر کو سینٹ پیٹرزبرگ میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات میں کہا کہ انہیں امید ہے ایرانی عوام اس ’مشکل دور‘ کا مقابلہ کریں گے اور خطے میں جلد امن قائم ہو جائے گا۔

روئٹرز کے مطابق روس نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے کئی بار ثالثی کی پیشکش کی۔

روس نے یہ پیشکش بھی بارہا دہرائی ہے کہ وہ ایران کا افزودہ یورینیم اپنے پاس محفوظ رکھ سکتا ہے تاکہ تنازع کم کیا جا سکے، تاہم امریکہ نے اس پیشکش کو قبول نہیں کیا۔

روسی سرکاری میڈیا کے مطابق صدر پوتن نے ملاقات میں عباس عراقچی کو بتایا کہ ’ہم اپنی جانب سے ہر وہ کام کریں گے جو آپ کے اور خطے کے تمام عوام کے مفاد میں ہو تاکہ جلد از جلد امن قائم کیا جا سکے۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’گذشتہ ہفتے مجھے ایران کے (نئے) سپریم لیڈر کا پیغام موصول ہوا تھا۔ میں چاہتا ہوں کہ آپ ان تک میری دلی تشکر پہنچائیں اور یہ بھی یقین دہانی کرائیں کہ روس، ایران کی طرح، ہمارے سٹریٹجک تعلقات کو جاری رکھنے کا ارادہ رکھتا ہے۔‘

ایران نے گذشتہ سال ماسکو کے ساتھ 20 سالہ سٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ کیا تھا۔

روس ایران کے واحد جوہری بجلی گھر بوشہر میں دو نئے نیوکلیئر یونٹس بھی تعمیر کر رہا ہے، جبکہ ایران نے یوکرین کے خلاف استعمال کے لیے روس کو شاہد ڈرونز بھی فراہم کیے ہیں۔

عباس عراقچی نے اس موقع پر کہا کہ روس اور ایران کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ (روئٹرز)


ایرانی وزیر خارجہ کا سعودی ہم منصب سے رابطہ، کشیدگی میں کمی پر تبالہ خیال

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پیر کو سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ایکس پر ایک پیغام میں کہا کہ گفتگو میں دونوں نے خطے کی صورت حال، کشیدگی اور تناؤ کم کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔


’امریکی مطالبات اور رویے پر پاکستانی دوستوں سے مشاورت ضروری تھی‘

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے اپنے حالیہ دوروں کے حوالے سے کہا ہے کہ امریکہ سے مذاکرات پر پاکستانی حکام سے ’اچھی مشاورت‘ ہوئی۔

سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق امریکہ سے مذاکرات کا دوسرا دور نہ ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ ’مذاکرات میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے۔ ابتدائی مراحل میں کچھ کامیابی کے باوجود، بات چیت اپنے اہداف حاصل نہ کر سکی، جس کی وجہ امریکی رویہ، ان کے حد سے زیادہ مطالبات اور غلط حکمت عملی تھی۔

’اسی لیے ضروری تھا کہ ہم پاکستان میں اپنے دوستوں سے مشاورت کریں تاکہ تازہ صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔‘


پاکستان میں امریکہ ایران مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر مشاورت ہوئی: ایرانی وزیر خارجہ

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی حالیہ مشاورت میں ان حالات کا جائزہ لیا گیا جن کے تحت ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں، اور اس بات پر زور دیا کہ تہران حالیہ ہفتوں کے تنازع کے بعد اپنے حقوق اور قومی مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ کے دورے کے دوران یہ بات کی ہے جہاں وہ روسی حکام کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور، بشمول ایران-امریکہ تنازع، پر بات چیت کے لیے پہنچے ہیں۔

 ایرانی سرکاری میڈیا نے پیر کے روز رپورٹ کیا کہ یہ دورہ ان کے علاقائی دورے کا آخری مرحلہ ہے، جس کے دوران وہ پاکستان اور عمان بھی گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور عمان، آبنائے ہرمز کے ساحلی ممالک ہونے کے ناطے، اس اہم آبی گزرگاہ میں محفوظ آمدورفت اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے ماہرین کی سطح پر مشاورت جاری رکھنے پر متفق ہوئے ہیں۔


ایرانی وزیر خارجہ روس پہنچ گئے، پوتن سے ملاقات متوقع

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ عباس عراقچی پیر کے روز سینٹ پیٹرزبرگ پہنچ گئے۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے ٹیلیگرام پر بتایا کہ ’وہ پیر کی صبح سویرے اس مقصد کے ساتھ پہنچے ہیں کہ روسی صدر ولادی میر پوتن سے ملاقات اور بات چیت کریں۔‘

روسی خبر رساں ادارے تاس نے بھی اس سے قبل تصدیق کی تھی کہ صدر ولادی میر پوتن عباس عراقچی سے ملاقات کریں گے، جس کا حوالہ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے دیا۔


ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے، جنگ ختم کرنے کی تجویز امریکہ کو دے دیں: رپورٹ

امریکی میڈیا ادارے ایگزیوس نے رپورٹ کیا ہے کہ ایران نے پاکستانی ثالثوں کے ذریعے امریکہ کو آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور جنگ کے خاتمے سے متعلق نئی تجویز پیش کر دی ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے گذشتہ تین روز سے بھی کم وقت میں دو مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں کیں۔

ایگزیوس نے رپورٹ کیا کہ جوہری مذاکرات کو بعد کے مرحلے تک مؤخر کرنے کی بات کی گئی ہے۔

یہ خبر اتوار کو ایک امریکی عہدے دار اور اس معاملے سے آگاہ دو ذرائع کے حوالے سے دی گئی۔ روئٹرز


امریکہ، ایران ثالثی میں پیش رفت ہو رہی ہے: پاکستان

پاکستانی قیادت نے اتوار کو امریکہ اور ایران کے درمیان امن مذاکرات کو دوبارہ شروع کرانے کی کوشش کی، جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اعلیٰ ایلچیوں کے اس ہفتے کے آخر میں اسلام آباد آنے کے منصوبے منسوخ کر دیے۔

ایک علاقائی عہدے دار کے مطابق نے، جو ثالثی کی کوششوں میں شامل ہے اور نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کر رہے تھے، بتایا کہ پاکستانی ثالث امریکہ اور ایران کے درمیان بڑے اختلافات کو کم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

عہدے دار نے بتایا کہ ایران نئی مذاکراتی نشست شروع کرنے سے پہلے امریکہ کی جانب سے اپنی بندرگاہوں پر عائد ناکہ بندی کے خاتمے کا مطالبہ کر رہا ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے اپنے اعلیٰ ایلچیوں سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کو ایران سے مذاکرات کے لیے اس ہفتے اسلام آباد نہ جانے کی ہدایت دی۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر کہا ’اگر وہ بات کرنا چاہتے ہیں تو انہیں صرف فون کرنا ہوگا۔‘

ادھر ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ہفتے کی رات پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ امریکہ کو ’آپریشنل رکاوٹیں، بشمول ناکہ بندی، پہلے ختم کرنی چاہییں‘ تاکہ مذاکرات کا نیا دور شروع ہو سکے۔‘ اے پی


ایرانی بندر گاہوں کی ناکہ بندی جاری: سینٹ کام

امریکہ کی ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے باعث آبنائے ہرمز میں کشیدگی برقرار ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پیر کی صبح امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ وہ اب تک ناکہ بندی کے دوران 38 جہازوں کو واپس موڑ چکی ہے۔


تیل کی قیمتوں میں اضافہ

امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ جنگ بندی سے متعلق مذاکرات میں تعطل کی خبروں کے بعد اتوار کو منڈی کھلنے پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 96.50 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا تھا، جو جمعے کے مقابلے میں دو فیصد زیادہ اور ایران جنگ سے پہلے کی قیمت 67 ڈالر کے مقابلے میں 44 فیصد زیادہ ہے۔

برینٹ خام تیل 107.75 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہا تھا، جو جمعے کے مقابلے میں تقریباً تین فیصد اور جنگ کے آغاز سے اب تک 48 فیصد زیادہ ہے۔

جنگ شروع ہونے کے بعد تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور خلیج فارس میں تیل بردار جہاز پھنس گئے ہیں جو آبنائے ہرمز سے محفوظ طریقے سے گزرنے سے قاصر ہیں۔ اے پی


اسلام آباد میں سکیورٹی زون کے اطراف پابندیاں ختم

پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے ایکس پیغام میں کہا کہ اسلام آباد میں سکیورٹی زون کے اطراف تمام پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں، جو پہلے امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے پیش نظر عائد کی گئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ فوری طور پر براہ راست مذاکرات کا امکان کم ہے، پاکستان دونوں ممالک کے درمیان پیغامات کے تبادلے کے ذریعے ثالثی جاری رکھے ہوئے ہے۔


اسرائیل کے لبنان پر حملے

اسرائیل نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ پر فضائی اور زمینی حملے کیے ہیں جبکہ غزہ میں بھی اسرائیلی کارروائیوں میں متعدد فلسطینی جان سے گئے۔

لبنان کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل-حزب اللہ جنگ میں اموات کی تعداد 2,509 تک پہنچ گئی ہے جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہیں۔

دوسری جانب حزب اللہ نے اسرائیلی اہداف پر حملوں کو ’جائز ردعمل‘ قرار دیا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا