نئے اسلامی سال کا آغاز ایران امریکہ تنازع کے حل کی خبر سے ہو رہا ہے: شہباز شریف 

یکم محرم کو اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ قیام امن کے لیے پر خلوص کوششوں کے بار آور ہونے پر پوری پاکستانی قوم مبارک باد کی مستحق ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف 5 جون 2026 کو اسلام آباد میں ایک تقریب میں شریک ہیں (شہباز شریف فیس بک اکاؤنٹ)

پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے یکم محرم الحرام کو نئے اسلامی سال کے آغاز کے موقعے پر بدھ کو اپنے پیغام کہا ہے کہ اس کی شروعات ایران امریکہ تنازع کے حل کی خبر سے ہو رہی ہیں۔

28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد شروع ہونے والی جنگ نے نہ صرف خطے کے ممالک کو براہ راست متاثر کیا بلکہ اس کے اثرات دنیا کے بیشتر ممالک پر دیکھے گئے کیونکہ ایران نے بحری تجارت کی اہم آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز کو بند کر دیا تھا، جو تیل کی ترسیل کا اہم راستہ ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جنگ کے آغاز کے بعد ہی پاکستان نے امریکہ اور ایران میں ثالثی کی کوششیں شروع کر دیں اور 10 اپریل کو اسلام آباد میں فریقین کے درمیان براہ راست مذاکرات کی میزبانی بھی۔

 شہباز شریف نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب ایکس پر اعلان کیا تھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا ہے۔ 

یکم محرم کو اپنے پیغام میں پاکستان کے وزیراعظم نے امید کا اظہار کیا کہ 1448ہجری کا ہر دن دنیا بھر میں امن و سلامتی، رواداری، باہمی آہنگی، پر امن بقائے باہمی اور تحفظ انسانیت کا ضامن ہو۔

شہباز شریف نے اپنے تحریری پیغام میں کہا کہ ’اسلامی سال کا مبارک آغاز دنیا میں ایران امریکہ بڑے تنازع کے پر امن حل کی خبر سے ہو رہا ہے۔‘

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Independent Urdu (@indyurdu)

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کی قیام امن کے لیے پر خلوص کوششوں کے بار آور ہونے پر پوری قوم مبارک باد کی مستحق ہے۔ افہام و تفہیم اور پر امن سفارت کاری کی حکمت عملی ہی اسلامی اسلوب اور اسوہ حسنہ کی تعلیم ہے۔‘

وزیراعظم کہہ چکے ہیں کہ  پاکستان جمعے (19 جون) کو جنیوا میں ایران اور امریکہ کے درمیان امن معاہدے پر دستخطوں کی تقریب کا میزبان ہو گا۔

شہباز شریف نے نئے سال کے آغاز پر دنیا بھر کے مصیبت زدہ بالخصوص ’فلسطین اور انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے مسلمان بھائیوں کے حقوق کی حمایت میں ثابت قدم رہنے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان