ملازمت کا جھانسہ دے کر اغوا کیے گئے پنجاب کے 12 افراد بازیاب: گوادر پولیس

پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ان افراد کو روزگار کا جھانسہ دے کر پنجاب سے گوادر بلایا گیا تھا، جس کے بعد ملزمان نے یرغمالیوں کو ایک بنگلے میں قید کرکے ان کے اہلِ خانہ سے مزید رقم منگوانے کے لیے دباؤ ڈالا۔

پولیس کے مطابق مغویوں کا تعلق لاہور اور سرگودھا سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے (گوادر پولیس)

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں پولیس نے کہا ہے کہ روزگار کا جھانسہ دے کر پنجاب سے بلا کر یرغمال بنائے گئے 12 افراد کو بازیاب کروا لیا گیا ہے۔

گوادر پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا کہ بدھ کو اطلاع ملنے پر گوادر سٹی پولیس نے ایک کارروائی میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے یرغمال بنائے گئے 12 افراد کو بازیاب کروایا۔

پولیس نے تین ملزمان کو بھی گرفتار کیا اور پانچ گاڑیاں تحویل میں لے لی گئیں۔

گرفتار ملزمان میں آواران سے تعلق رکھنے والے بہیر الدین اور نادر شاہ شامل ہیں جبکہ تیسرے ملزم عبدالماجد کا تعلق پنجگور سے ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ کارروائی ڈی آئی جی مکران رینج عمران قریشی اور ایس ایس پی گوادر عطاء الرحمن کی ہدایت پر کی گئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

 پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق لاہور اور سرگودھا سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ان 12 افراد کو روزگار کا جھانسہ دے کر پنجاب سے گوادر بلایا گیا تھا، جس کے بعد ملزمان نے یرغمالیوں کو ایک بنگلے میں قید کرکے ان کے اہلِ خانہ سے مزید رقم منگوانے کے لیے دباؤ ڈالا۔

پولیس کے مطابق ملزمان انسانی سمگلنگ میں ملوث ہیں اور انہوں نے مغویوں سے لاکھوں روپے ہتھیائے۔

پولیس نے عدالت سے ملزمان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے جبکہ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور واقعے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

پاکستان میں انسانی سمگلنگ، بیرون ملک ملازمت کا فریب اور غیر قانونی امیگریشن کا مسئلہ گذشتہ چند برسوں میں زیادہ سنگین ہوا ہے اور حکومت ایسے افراد کے خلاف کارروائیوں میں نمایاں تیزی لائی ہے۔

رواں ماہ ہی خبر سامنے آئی تھی کہ اٹلی بھجوانے کے نام پر لاہور سے تعلق رکھنے والے 12 نوجوانوں کے ایران میں مبینہ طور پر لاپتہ ہونے کے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل نے مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اسی طرح حالیہ عرصے میں کمبوڈیا میں بھی ملازمت کا جھانسہ دے کر لے جائے جانے والے پاکستانیوں کی خراب حالت زار کی رپورٹس سامنے آئی تھیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان