اسلامی چیمبر آف کامرس اینڈ ڈویلپمنٹ (آئی سی سی ڈی) نے برطانوی نژاد پاکستانی ماحولیاتی حکمت عملی کے ماہر اور امپیکٹ انویسٹر فراز خان کو موسمیاتی فنانس، حیاتیاتی تنوع، کاربن کریڈٹس اور ٹوکنائزیشن کے شعبوں میں اپنا خصوصی مشیر مقرر کر دیا۔
آئی سی سی ڈی نے جمعرات کو ایک پریس ریلیز میں کہا کہ یہ تقرری موسمیاتی لین دین اور پائیداری کے شعبے میں فراز خان کے نمایاں پیشہ ورانہ سفر اور عالمی سطح پر ان کی ساکھ کی عکاسی کرتی ہے۔
فراز خان کو سماجی اثرات، کاروباری سرگرمیوں اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے جدوجہد کے ذریعے برطانیہ اور پاکستان کے باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں عوامی خدمات کے اعتراف میں برطانوی بادشاہ کنگ چارلس سوم کی جانب سے ایم بی ای سے نوازا گیا تھا۔
آئی سی سی ڈی نے یقین ظاہر کیا ہے کہ فراز خان کی ’سرحدوں سے ماورا قیادت رکن ممالک میں سبز معاشی تبدیلی کے فروغ کے چیمبر کے مشن کو نمایاں طور پر آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہو گی۔‘
فراز سیڈ وینچرز کے بانی اور ڈائریکٹر جبکہ Sustainability LLC کے شریک بانی اور پارٹنر ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق ’وہ پائیدار فنانس اور بین الاقوامی امپیکٹ انویسٹمنٹ کے شعبے میں اپنی وسیع عالمی مہارت کو ادارے کے تزویراتی اہداف کے حصول میں معاونت کے لیے بروئے کار لائیں گے۔‘
خصوصی مشیر کی حیثیت سے ان کی ذمہ داریوں میں آئی سی سی ڈی کو متعلقہ وزارتوں، تجارتی اداروں اور عالمی ترقیاتی مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام کے ساتھ اعلیٰ سطح کے ادارہ جاتی شراکت داری کے قیام میں مشاورت فراہم کرنا شامل ہے۔
وہ اسلامی ممالک میں کاروباری اور اختراعی معاشی اقدامات کے فروغ کی حوصلہ افزائی کرنے اور بالخصوص گرین فنانس، ای ایس جی کے تقاضوں سے ہم آہنگ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس اور گرین صکوک جیسے ہائبرڈ اسلامی مالیاتی ڈھانچوں میں سرحد پار اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے بھی ذمہ دار ہوں گے۔
اسی طرح وہ خصوصی پروگرامز کی تیاری میں معاونت کریں گے جو ماحول دوست کاروبار، موسمیاتی ٹیکنالوجی میں جدت اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں میں ای ایس جی کے انضمام کے لیے جدید تعلیم، استعداد کار میں اضافے اور مہارتوں کی ترقی کے مواقع فراہم کریں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کی دیگر ذمہ داریوں میں ایسے مؤثر منصوبوں کے حوالے سے مشاورت فراہم کرنا شامل ہے جن کے ذریعے حیاتیاتی تنوع کے کریڈٹس اور کاربن ٹوکنائزیشن کے شعبوں میں ادارے کی عالمی حیثیت اور تزویراتی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔
بیان میں ادارے نے ’خطے اور اس سے باہر پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے ان کی کاوشوں میں نہایت کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔‘
اسلامی چیمبر آف کامرس اینڈ ڈویلپمنٹ اسلامی تعاون تنظیم سے منسلک ادارہ ہے اور 57 رکن ممالک کے نجی شعبے کی نمائندگی کرتا ہے۔
اس کا مقصد تجارت، کاروبار، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انشورنس اور ری انشورنس، جہاز رانی، بینکاری اور سرمایہ کاری کے مواقع کے فروغ کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔