عدالت کا کھاڈی کو شاپنگ بیگ کے 30 روپے واپس کرنے کا حکم

پشاور کی صارف عدالت نے ملبوسات کے معروف برانڈ کھاڈی کو صارف سے وصول کیے گئے شاپنگ بیگ کے 30 روپے واپس کرنے اور 25 ہزار روپے ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

پاکستان کے کپڑوں کے معروف برانڈ ’کھاڈی‘ کے لندن میں آؤٹ لیٹ کے باہر کا منظر (کھاڈی/فیس بک)

پشاور کی کنزیومر کورٹ نے بدھ کو اپنے ایک فیصلے میں پاکستان کے کپڑوں کے معروف برانڈ ’کھاڈی‘ کو ہدایت کی ہے کہ وہ درخواست گزار صارف کو شاپنگ بیگ کے اضافی 30 روپے واپس کرے اور 25 ہزار روپے ہرجانہ اور 25 ہزار روپے حکومتی خزانے میں بطور جرمانہ جمع کرائے۔

عدالت میں شفق عامر نامی صارف نے درخواست دائر کی تھی، جس میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں کھاڈی کی پشاور برانچ سے سات ہزار روپے کی خریداری کی۔

تاہم درخواست گزار کے مطابق کھاڈی نے سات ہزار کے بجائے سات ہزار 30 روپے چارج کیے، جس میں 30 روپے شاپنگ بیگ کے شامل کیے گئے تھے، جس پر برانڈ کا اشتہار اور لوگو بھی لگا تھا۔

عدالتی فیصلے میں کھاڈی کا جواب بھی شامل ہے، جس کے مطابق کھاڈی نے عدالت کو بتایا ہے کہ شاپنگ بیگ فراہم کرنا کھاڈی کی ذمہ داریوں میں شامل نہیں ہے بلکہ خریدار کی ڈیمانڈ پر مہیا کیا جا سکتا ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جائن کریں

عدالتی فیصلے میں لکھا گیا ہے: ’خریدار نے کھاڈی سے خریداری کی ہے اور خریدار کو یقین تھا کہ خریداری کے بعد شاپنگ بیگ دکان کی جانب سے مہیا کیا جائے گا لیکن خریدار سے شاپنگ بیگ کے 30 روپے اضافی لیے گئے۔‘

اسی طرح عدالتی فیصلے میں مزید لکھا گیا ہے کہ کھاڈی ایک معروف بین الاقوامی سطح پر مقبول قومی برانڈ ہے اور شاپنگ بیگ پر لوگو اور اشتہار لگا کر اسی کے پیسے خریدار سے وصول کر رہا ہے، جو کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 1997 کی شق نمبر 2(O) کی خلاف ورزی ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق: ’درخواست گزار کی درخواست قبول کی جاتی ہے اور کھاڈی ان کے 30 روپے سمیت 25 ہزار روپے بطور کمپنسیشن اور 25 ہزار روپے بطور جرمانہ حکومتی خزانے میں جمع کرائے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

برانڈز کی جانب سے شاپنگ بیگ کی الگ قیمت

پاکستان میں گذشتہ کچھ عرصے سے معروف برانڈز کی جانب سے خریداروں سے شاپنگ بیگ کی قیمت وصول کی جاتی ہے، جس پر برانڈ کا لوگو اور نام بھی درج ہوتا ہے۔

زیادہ تر یہ شاپنگ بیگ بائیوڈی گریڈیبل ہوتے ہیں اور تمام برانڈز اس بیگ کے پانچ سے 30 روپے وصول کرتے ہیں۔

کشمالہ بی بی پشاور میں مقیم ہیں اور اکثر کھاڈی اور دیگر کپڑوں کے معروف برانڈز سے خریداری کرتی ہیں۔

انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ عدالتی فیصلے کو تمام برانڈز پر لاگو کرنا چاہیے، کیونکہ یہ عجیب بات ہے کہ کسی دکان سے خریداری کریں اور آپ کو سامان لے جانے کے لیے بیگ بھی پیسوں کے عوض ملتا ہے۔

کشمالہ کے مطابق:’برانڈز کے علاوہ گروسری کے بڑے برانڈز بھی شاپنگ بیگ کے پانچ سے 10 روپے لیتے ہیں اور بظاہر یہ تو بہت کم قیمت ہے لیکن ہزاروں خریداروں سے اگر پانچ روپے بھی یہ برانڈز اکٹھے کریں تو بڑی رقم بن جاتی ہے، جو نامناسب ہے۔‘

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان