شینا زادہ نے 150 ملین ڈالر کا ’کلین بیوٹی برانڈ‘ کیسے بنایا؟

شینا زادہ نے فوربز میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا: ’میں خوبصورت چیزیں بنانے کے لیے موجود ہوں۔ یہ میرا مقصد ہے، یعنی جلد کی دیکھ بھال کے جنونوں کے لیے میک اپ۔‘

41 سالہ شینا نے 2015 میں کچھ لپ سٹکس کے شیڈز اور محدود توقعات کے ساتھ کوساس کی بنیاد رکھی تھی  (شینا زادہ انسٹاگرام اکاؤنٹ)

کلیفورنیا میں مقیم شینا زادہ کی نقصان دہ اجزا سے پاک کاسمیٹکس کی برانڈ ’کوساس‘ نے بین الاقوامی منڈیوں پر اپنی نگاہیں مرکوز کر دی ہیں۔

دبئی کے سب سے بڑے شاپنگ مال میں شینا زادہ کا تین فٹ طویل چمکتا پوسٹر سیفورا مڈل ایسٹ کے صارفین کو سلام کرتا ہے، جب وہ لاس اینجلس میں قائم ان کے میک اپ برانڈ ’کوساس‘ کے ایک ایک سٹینڈ کے پاس سے گزرتے ہیں۔ اس دیوہیکل پورٹریٹ میں شینا کو ان کے سٹارٹ اپ کی ہیرو پروڈکٹ یعنی کنسیلر ٹیوب کو ٹیگ لائن کے بالکل اوپر اپنے گال سے لگائے دیکھا جا سکتا ہے۔

شینا زادہ نے لاس اینجلس میں واقع اپنے گھر سے فوربز میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا: ’میں خوبصورت چیزیں بنانے کے لیے موجود ہوں۔ یہ میرا مقصد ہے، یعنی جلد کی دیکھ بھال کے جنونوں کے لیے میک اپ۔‘

41 سالہ شینا نے 2015 میں کچھ لپ سٹکس کے شیڈز اور محدود توقعات کے ساتھ کوساس کی بنیاد رکھی، لیکن 10 سال بعد، یہ ’صاف خوبصورتی‘ کی سب سے کامیاب مثالوں میں سے ایک بن گیا ہے۔ اس تصور سے مراد وہ مصنوعات ہیں جو نقصان دہ کیمیکلز جیسے پیرا بینز اور سلفیٹ کے بغیر بنائی جاتی ہیں۔

فوربز کا اندازہ ہے کہ ایک دہائی کے بعد یہ کاروبار سالانہ 150 ملین ڈالر کی پروڈکٹس فروخت کرتا ہے، جس میں ساؤتھ بیچ سے سعودی عرب تک پھیلے ہوئے سٹورز میں تقریباً 200 مصنوعات شامل ہیں۔

انسٹاگرام پر کوساس کے اکاؤنٹ کو پاکستانی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی بھی فالو کرتی ہیں۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Kosas (@kosas)

کوساس کی کامیابی کی ایک بڑی وجہ بدلتی ہوئی ثقافتی تبدیلیوں سے فائدہ اٹھانے، صحیح وقت پر منفرد مصنوعات لانچ کرنے اور سوشل میڈیا پر وائرل ٹرینڈز سے آیا ہے۔

کوساس نے اپنی مصنوعات کو شروع سے ہی میک اپ اور جلد کی دیکھ بھال کے لیے ڈیزائن کیا تھا۔

فیملی کچن سے لے کر عالمی مارکیٹ تک

فوربز کے مطابق شینا کیلیفورنیا میں پلی بڑھی ہیں۔ ان کے والد ایک سٹور کیپر اور بعد میں میل مین تھے اور والدہ ایک مقامی مال میں کلینک کاسمیٹکس کی دکان پر کام کرتی تھیں۔ ان کا گھر میک اپ کے نمونوں اور بیوٹی میگزین سے بھرا ہوتا تھا۔

یہی وجہ ہے کہ انہیں بھی رنگوں کا جنون ہو گیا اور نوعمری میں وہ اپنے دوستوں کو لپ سٹک اور آئی شیڈو کے انتخاب کے بارے میں ماہرانہ مشورے دیتی تھیں۔ 

یونیورسٹی میں حیاتیات کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد، انہوں نے کچھ عرصے تک ایک لیب میں کام کیا، لیکن جلد ہی اپنا راستہ بدل لیا اور برانڈز کی ترقی سے متاثر ہو کر، انہوں نے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی اور 2015 میں اپنی بچت کے 70 ہزار ڈالرز کے ساتھ کوساس کا آغاز کیا۔

ٹرننگ پوائنٹس

2017: نئی مصنوعات کا آغاز کیا اور لاس اینجلس کے ہیئر سٹائلسٹ میں نمونے تقسیم کیے گئے۔
2018: ہالی ووڈ اداکارہ گیوینتھ پیلٹرو کی توجہ حاصل کی اور گوپ سٹورز میں داخل ہوئیں۔
2018: فیس آئل متعارف کروایا، جس کو خوب پذیرائی ملی۔
2019: سیفورا شیلف میں داخل ہو کر برانڈ کی ترقی کو تیزی ملی۔

اس برانڈ کا ’انڈر آئی برائٹننگ کنسیلر‘ پروڈکٹ تیزی سے سوشل میڈیا کا ٹرینڈ بن گیا اور ہیلی بیبر اور کم کارڈیشین جیسی مشہور شخصیات نے اس کی تعریف کی۔

سرمایہ کاروں نے کوساس کا رخ کیوں کیا؟

عالمی مارکیٹ اب سکن کیئر برانڈز پر زیادہ توجہ دے رہی ہے۔ زیادہ منافعے کے مارجن، بڑھتی ہوئی مانگ اور خریداروں کی وفاداری نے برانڈز کے اس گروپ کو سرمایہ کاروں کے لیے ایک اہم ہدف بنا دیا ہے۔ اس کی ایک مثال ایلف کا 2025 میں ہیلی بیبر کی ملکیت والے برانڈ روڈ کا حصول تھا۔

کوساس نے بھی اسی طرح کا راستہ اختیار کیا ہے۔ حالیہ برسوں میں، اس کی سالانہ فروخت کا تقریباً 30 فیصد بین الاقوامی منڈیوں یعنی آسٹریلیا، نیوزی لینڈ سے لے کر دبئی اور ریاض تک آیا ہے۔

شینا کہتی ہیں: ’بعض اوقات آپ کو بازار کے پیچھے نہیں جانا پڑتا، بازار آپ کے پاس آ جاتا ہے۔‘

کوساس کی کامیابی کا راز نہ صرف خوبصورتی کے رجحانات کو برقرار رکھنے میں ہے بلکہ اس کی بانی کی تخلیقی صلاحیتوں میں بھی ہے، جو ہر بار ایک نئی پروڈکٹ بنانے اور کاسمیٹک اور خوبصورتی کے رجحانات کے مرکزی دھارے میں آنے سے پہلے صارفین کی ضروریات کا اندازہ لگانے میں کامیاب رہی ہیں۔

چاہے کوساس فروخت ہو یا خود مختار رہے، شینا زادہ کی کہانی خواب، خطرہ مول لینے اور تخلیقی صلاحیتوں کے امتزاج کی ایک نادر مثال ہے۔ ایک ایسا سفر جس کا آغاز چار سادہ لپ سٹکس سے ہوا تھا اور اب یہ 150 ملین ڈالر مالیت کی خوبصورتی کی سلطنت بن چکا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی خواتین