وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا (کے پی) میں آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت ہنگامی حالت (ایمرجنسی) اور گورنر راج نافذ کرنے کے بعد صوبائی امور کو چلانے کے لیے 11 رکنی مشاورتی کونسل (Advisory Council) قائم کی ہے جس میں سابق فوجی افسر، بیوروکریٹ اور سیاسی شخصیات شامل ہیں۔
صوبائی حکومت، وزیر اعلیٰ اور کابینہ کی معطلی کے بعد اب تمام انتظامی اختیارات گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے پاس ہوں گے، اور یہ کونسل ان کی معاونت کرے گی۔
یہ کونسل گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو صوبائی امور چلانے میں مدد کرے گی۔
اس کے علاوہ وفاقی حکومت نے کے پی میں فوج تعینات کرنے کا حکم نامہ بھی جاری کیا ہے جو صوبے میں امن و امان اور شہریوں کے تحفظ کے لیے سول انتظامیہ کی معاونت کرے گی۔
اس کونسل میں مختلف شعبوں کے ماہرین (ٹیکنوکریٹس) اور سیاسی شخصیات شامل ہیں، جنہیں اہم محکموں کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ ارکان کی تفصیل درج ذیل ہے:
کونسل میں سابق چیئرمین ایف بی آر طارق محمود پاشا کو مالیاتی امور، سابق آئی جی جیل خانہ جات کفایت اللہ خان کو محکمہ داخلہ و قبائلی امور اور فوج کی سابق سرجن جنرل لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نگار جوہر کو محکمہ صحت کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
اسی طرح ڈاکٹر سید عامر عبداللہ کو تعلیم، ثمر ہارون بلور کو اطلاعات و نشریات، مولانا محمد طیب قریشی کو اوقاف و مذہبی امور اور ڈاکٹر محمد ارشاد کو صنعت و تجارت کا شعبہ سونپا گیا ہے۔
ڈاکٹر سرفراز علی شاہ کان کنی و معدنیات، آصف رفیق آفریدی مواصلات و تعمیرات سمیت بلدیات، ہاؤسنگ اور ٹرانسپورٹ کے امور دیکھیں گے جبکہ سابق سینیٹر عثمان سیف اللہ خان بجلی و توانائی اور عامر جاوید قانون و پارلیمانی امور بھی کونسل کا حصہ ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
مشاورتی کونسل کے علاوہ ثنا اللہ ایڈووکیٹ کو خیبر پختونخوا کا نیا ایڈووکیٹ جنرل مقرر کیا گیا ہے۔
یہ کونسل صوبے کے انتظامی امور خیبر پختونخوا گورنمنٹ رولز آف بزنس 1985 اور وفاقی حکومت کے احکامات کے مطابق چلائے جائیں گے۔
کونسل کے لیے صوبے میں امن و امان کی خراب صورت حال کے پیش نظر وفاق نے دہشت گردی سے متاثرہ 12 اضلاع (بشمول آٹھ قبائلی اضلاع، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان) کے انتظامی معاملات براہِ راست وفاق کے تحت چلانے کے لیے گورنر اور چیف سیکرٹری کی نگرانی میں ایک علیحدہ سیکرٹریٹ بھی قائم کیا ہے۔
خیبر پختونخوا (سابق این ڈبلیو ایف پی) میں ماضی میں مختلف ادوار میں صوبائی حکومتیں برطرف ہوئیں اور وفاقی کنٹرول نافذ ہوا، لیکن یہ ہر بار ’گورنر راج‘ کے نام سے نہیں تھا۔
1973 میں نیشنل عوامی پارٹی (NAP) اور جے یو آئی کی مخلوط حکومت برطرف کر دی گئی تھی۔ اس کے بعد صوبے کا انتظام گورنر کے ذریعے چلایا گیا اور مرکز نے براہ راست کنٹرول سنبھالا۔
5 جولائی 1977 کو جنرل ضیا الحق کے مارشل لا کے بعد پورے ملک کی طرح این ڈبلیو ایف پی میں بھی منتخب حکومت ختم کر دی گئی اور صوبہ عملاً وفاقی و فوجی انتظام کے تحت آ گیا۔
12 اکتوبر 1999 میں جنرل پرویز مشرف کے اقتدار سنبھالنے کے بعد بھی صوبائی اسمبلیاں معطل کر دی گئی تھیں اور صوبہ فوجی حکومت کے زیر انتظام رہا۔ یہ بھی ایک طرح کا براہ راست وفاقی کنٹرول تھا، اگرچہ اسے گورنر راج نہیں کہا گیا۔
تاہم، خیبر پختونخوا میں پنجاب (2009) یا سندھ (1992) کی طرح حالیہ دہائیوں میں آئین کے آرٹیکل 234 کے تحت باضابطہ گورنر راج نافذ کیے جانے کی کوئی نمایاں مثال نہیں ملتی۔ دستیاب تاریخی ریکارڈ زیادہ تر حکومتوں کی برطرفی، مارشل لا یا وفاقی مداخلت کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔