وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھارت کے اگنی تھری میزائل تجربے کی ناکامی کو ’افسوس‘ کی بات قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئی دہلی ہر وہ کام کیوں کرتا ہے، جو اسے کرنا ہی نہیں آتا؟
انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا: ’اپنی دفاعی طاقت کی جھوٹی کہانیاں سُنا سُنا کر بھارتی عوام کا پیسہ ضائع کیا جا رہا ہے۔ بھارتی پارلیمنٹ کو ان تمام ناکام سائنسی تجربوں کا آڈٹ کروانا چاہیے۔‘
انہوں نے مزید تبصرہ کیا: ’اتنا بڑا ملک، اتنا بڑا دفاعی بجٹ اور نتیجہ پھر بھی صفر کا صفر۔‘ ایک ٹوئیٹ میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت خلا میں ملبے کا سب سے بڑا ذریعہ بن رہا ہے۔
India is becoming a huge source of Space debris, irresponsible space missions of India are dangrous for whole eco system, needs serious notice by Int organizations
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) December 3, 2019
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
گذشتہ روز بھارت نے پہلی مرتبہ جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے اور ساڑھے تین ہزار کلو میٹر کے فاصلے پر مار کرنے والے اگنی تھری بلاسٹک میزائل کا رات کے وقت تجربہ کیا لیکن یہ تجربہ ناکام ثابت ہوا۔
بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’تکنیکی خرابی کے باعث میزائل 115 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد اپنی پرواز کے طے شدہ راستے سے ہٹ گیا جس کے باعث مشن ٹیم کو اُسے خود ختم کرنا پڑا۔‘
بھارتی دفاعی ذرائع کے مطابق اس میزائل کا وزن 50 ٹن، لمبائی 17 میٹر اور قطر دو میٹر تھا جب کہ اس پر ڈیڑھ ٹن وزنی جوہری مواد نصب کیا جا سکتا تھا۔
یہ بھارت کی پہلی ناکامی نہیں
اس سے قبل بھارتی میڈیا پر چاند کو چھونے کے حوالے سے بہت خبریں دی گئیں لیکن 2008 میں ’چندریان ون‘ اور رواں برس ’چندریان ٹو‘ دونوں ہی منزل پر پہنچنے سے پہلے لاپتہ ہو گئے۔
واضح رہے کہ ماضی میں اگنی ون اور اگنی 2 بھی اپنے آزمائشی مرحلے میں ناکام ہوئے تھے۔
بھارتی فضائیہ کے جنگی جہاز بالخصوص مگ 21 بھی آئے دن حادثات کا شکار رہتے ہیں اور انہیں عرف عام میں ’چلتا پھرتا تابوت‘ کہا جاتا ہے، تاہم اس حوالے سے کسی بھی بھارتی دفاعی تجزیہ کار نے تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رواں برس بھارتی فضائیہ کے 12 جنگی جہاز پرواز کے دوران تباہ ہوئے۔ اُن میں سے دو جہاز 27 فروری کو پاکستان اور بھارت کی کشیدگی کے دوران پاکستانی فضائیہ نے مار گرائے تھے۔
2015 سے اب تک بھارتی فضائیہ کے 35 طیارے کریش ہوچکے ہیں۔ واضح رہے کہ بھارت کا دفاعی بجٹ، ملکی بجٹ کا 31.97 فیصد ہے۔