پاکستان کے پہلے سکرین ایوارڈز کی تقریب آج دبئی میں

دبئی میں پہلے پاکستان انٹرنیشنل سکرین ایوارڈز آج منعقد کیے جارہے ہیں جن میں نہ صرف فلم، ٹیلی ویژن اور موسیقی بلکہ فیشن کے شعبے میں بھی اعلیٰ خدمات ادا کرنے پر اعزازات دیے جائیں گے۔

دبئی میں پہلے پاکستان انٹرنیشنل سکرین ایوارڈز آج منعقد کیے جارہے ہیں جن میں نہ صرف فلم، ٹیلی ویژن اور موسیقی بلکہ فیشن کے شعبے میں بھی اعلیٰ خدمات ادا کرنے پر اعزازات دیے جائیں گے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ دبئی میں اتنے بڑے پیمانے پر پاکستانی ایوارڈ شو منعقد ہورہا ہے۔

پاکستانی ٹی وی ڈراموں کی مقبولیت تو دنیا میں پہلے ہی سے تھی تاہم گذشتہ چند سالوں میں کچھ پاکستانی فلموں نے بھی عالمی سطح پر اپنی شناخت پیدا کی ہے۔

اس حوالے سے انڈپینڈنٹ اردو کے دبئی میں موجود صحافی حسن کاظمی سے گفتگو میں پاکستان کے معروف اداکار جاوید شیخ نے کہا: ’اگر ہم بالی وڈ کو دیکھیں تو وہاں بھی عالمی سطح پر ہونے والے ایوارڈ شوز نے ان کی صنعت کو دنیا میں متعارف کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اسی لیے یہ امید کی جا سکتی ہے کہ اس طرح کے ایوارڈ شوز کی مدد سے پاکستانی فلمی صنعت کو بھی فائدہ ہو گا۔‘

اس سلسلے میں اس وقت پاکستانی شوبز سے تعلق رکھنے والی تقریباً تمام ہی بڑی شخصیات دبئی میں موجود ہیں جن میں فواد خان، ماہرہ خان، علی ظفر، جاوید شیخ، عدنان صدیقی شامل ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

منتظمین کے مطابق اس موقع پر شوبز سے وابستہ افراد جنہوں نے طویل عرصے سے پاکستان کی خدمت کی ہے، انہیں خصوصی طور پر ’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ سے بھی نوازا جائے گا۔

ان فنکاروں کی فہرست میں اداکارہ بابرہ شریف، انجمن، شبنم، بشریٰ انصاری، عابدہ پروین کے علاوہ ندیم بیگ، مصطفٰی قریشی اور غلام علی بھی شامل ہیں۔

اس سلسلے میں دبئی میں گذشتہ روز پاکستانی فنکاروں نے ریہرسل بھی کی جس میں حریم فاروق، حرا مانی، ایشال فیاض، مومنہ مستحسن، آئمہ بیگ اور سارہ لورین شامل ہیں۔

اداکارہ ثروت گیلانی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ انہیں سب سے اچھی بات یہ محسوس ہوئی کہ اس شو میں تمام کی تمام پرفارمنسز صرف پاکستانی گانوں پر کی جائیں گی۔

دبئی کے کوکاکولا ارینا میں تقریباً 17 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے تاہم منتظمین کو توقع ہے کہ تقریباً آٹھ ہزار افراد ضرور شریک ہوں گے کیونکہ دبئی میں بڑے پیمانے پر ٹکٹ فروخت ہوئے ہیں۔

اب ایوارڈ شو میں کون سا ایوارڈ کون لے کے جائے گا اس کا پتہ تو جمعے کی شب ہی چلے گا لیکن اتنا ضرور ہے کہ پاکستانی شوبز کی صنعت اب عالمی سطح پر پر تولنے کے لیے تیار ہو رہی ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی فن