ترکی میں 5.7 شدت کا زلزلہ، بچوں سمیت نو افراد ہلاک

حکام کے مطابق زلزلے کا مرکز ایرانی گاؤں حبشِ اولیا کے قریب واقع تھا جو ایران کی ترکی کے ساتھ ملنے والی سرحد سے 10 کلومیٹر سے کم فاصلے پر ہے۔

زلزلے سے متاثرہ علاقے میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ (تصویر: انادولو ٹوئٹر اکاؤنٹ)

مشرقی ترکی میں آنے والے 5.7 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں نو افراد ہلاک ہو گئے جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ترکی کی سرکاری خبر ایجنسی انادولو نے رپورٹ کیا ہے کہ زلزلہ ایرانی سرحد کے قریب واقع علاقے میں آیا۔

امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق ترکی کے مقامی وقت کے مطابق زلزلہ صبح نو بج کر 23 منٹ پر آیا۔ زلزلے کا مرکز ایرانی گاؤں حبشِ اولیا کے قریب واقع تھا جو ایران کی ترکی کے ساتھ ملنے والی سرحد سے 10 کلومیٹر سے کم فاصلے پر ہے۔

دوسری جانب تہران یونیورسٹی کے زلزلوں سے متعلق مرکز کے مطابق زلزلے کی زمین میں گہرائی چھ کلومیٹر تھی۔

ترکی کے وزیر داخلہ سلیمان سوئیلو نے بتایا کہ زلزلے سے زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ خیال ہے کہ کچھ دوسرے لوگ گرنے والی عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ ’زلزلے سے متاثر ہونے والے افراد کی تلاش اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔‘

ایران کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے ادارے کے ترجمان مجتبیٰ خالدی نے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ زلزلے سے کم از کم 25 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ ایران کے مغربی صوبے آذربائیجان کے چار دیہات میں کئی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔

دوسری جانب ترک خبر ایجنسی اندولو نے کہا ہے کہ زلزلے سے ایران کے ہمسایہ صوبے وان کے دیہات میں نقصان ہوا ہے، جو اس سے پہلے اسی ماہ دو بار برفانی تودوں کی زد میں آ گیا تھا جس سے 41 افراد مارے گئے تھے۔

 گذشتہ ماہ 25 جنوری کو مشرقی ترکی میں آنے والے شدید زلزلے میں حکام کے مطابق 18 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز ایلازہ صوبے میں سیوریس نامی قصبہ بتایا گیا تھا۔ زلزلے کے جھٹکے پڑوسی ممالک شام، لبنان اور ایران میں بھی محسوس کیے گئے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا