لاک ڈاؤن فیز ٹو: وائرس کے ساتھ جینے کے دور کا آغاز

عالیہ صلاح الدین کے مطابق اٹلی میں لوگ اپنی معمول کی زندگی میں واپس جانے کا بے حد انتظار کر رہے ہیں لیکن ایک ڈر بھی ہے کیونکہ ایک نئی دنیا کی تیاریاں ہو رہی ہیں، جس میں وائرس کے ساتھ جینا بھی ہے اور اسے پھیلنے سے روکنا بھی ہے۔

کرونا (کورونا) وائرس سے متاثر ہونے والی یورپی ملک اٹلی میں 55 دن کے سخت لاک ڈاؤن کے بعد 4 مئی سے فیز ٹو شروع ہوگیا ہے یعنی وائرس کے ساتھ جینے کا فیز۔

تاہم یہ فیز ٹو مختلف مراحل میں شروع ہوگا، پہلے وہ معاشی شعبے کھولے گئے ہیں، جن کے کھلنے سے بہت زیادہ خطرہ نہیں ہے، اس کے دو ہفتے بعد دکانیں اور لائبریریاں کھلیں گی اور اس کے دو ہفتے بعد ہیئر ڈریسرز اور ریسٹورنٹس وغیرہ کھلیں گے۔

اٹلی میں مقیم صحافی عالیہ صلاح الدین کے مطابق: 'اس وقت بھی ہمیں کہا جارہا ہے کہ احتیاط سے رہنا ہے، کیونکہ یہ مکمل آزادی کا وقت نہیں ہے۔ لوگ اپنے رشتے داروں سے مل سکتے ہیں لیکن دوستوں سے نہیں، جبکہ کوئی مذہبی اجتماع بھی نہیں کیا جاسکتا۔'

عالیہ کے بقول: 'یہاں پر احساس یہ ہوتا ہے کہ لاک ڈاؤن نافذ کرنا شاید اتنا مشکل عمل نہیں تھا جتنا لاک ڈاؤن میں نرمی کرنا کیونکہ اب دنیا بدل گئی ہے۔ پہلے ہم حفاظت سے اپنے گھروں کے اندر تھے لیکن اب ہمیں وائرس کے ساتھ جینا بھی ہے اور اسے پھیلنے سے روکنا بھی ہے۔ اب ہم سب کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے۔'

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اپنے وی لاگ میں انہوں نے بتایا کہ جب اٹلی میں لاک ڈاؤن نافذ ہوا تھا تو ایک دن میں کرونا وائرس کے 17 سو کیسز تھے، اس وقت بھی 1600 یا 1700 نئے کیسز روزانہ سامنے آرہے ہیں لیکن یہاں فرق ٹائمنگ کا ہے۔

'اس وقت ہم وبا کے پھیلاؤ کے عروج (Peak) پر نہیں تھے۔ وہ 1700 کیسز کچھ دن میں چھ ہزار کیسز بن گئے تھے لیکن اب ہم پیک سے اتر آئے ہیں۔'

عالیہ کے مطابق ایک اور فرق ہسپتالوں کا بھی ہے۔ اس وقت ایک جنگی حالت تھی، لیکن اب ہستالوں میں جگہ ہے، ڈاکٹروں کے پاس حفاظتی لباس ہیں، ان کو وائرس کی زیادہ سمجھ ہے، ٹیسٹنگ بڑھ گئی ہے اور سب سے اہم بات یہ ہےکہ لوگوں نے احتیاط کرنی سیکھ لی ہے۔

انہوں نے کہا: 'لوگ اپنی معمول کی زندگی میں واپس جانے کا بے حد انتظار کر رہے ہیں لیکن ایک نامعلوم اور انجان مستقبل کی طرف قدم بڑھانے سے ڈر بھی لگ رہا ہے کیونکہ ایک نئی دنیا کی تیاریاں ہو رہی ہیں، جس کے اندر کافی فیصلے غلط بھی ثابت ہوں گے، لیکن بنیادی نقطہ مناسب فاصلہ اور احتیاط ہے۔'

عالیہ کے مطابق: 'اٹلی کے وزیراعظم نے بھی اتنا زور دیا ہے کہ فیز ٹو کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آپ اٹلی سے محبت کرتے ہیں تو ایک دوسرے سے فاصلہ رکھیے۔'

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا