بندوق بردار ڈرون اورانسٹاگرام پر شاپنگ

اس ہفتے کی 5 اہم سائنس اور ٹیکنالوجی کی خبریں۔

تصویر: اے ایف پی

ای میل شیڈول کرنے کی سہولت

کیا آپ نے کبھی ای میل لکھ کر ایک مخصوص وقت پر خود بخود بھیجنے کی سہولت کے بارے میں سوچا ہے؟

اگر نہیں تو آپ کے لیے اطلاع ہے کہ جی میل بہت جلد اپنے اینڈروئیڈ صارفین کو ای میل شیڈول کرنے کی سہولت فراہم کرنے جا رہا ہے۔

اس سہولت کی بدولت آپ کی ای میل گوگل کلاؤڈ میں محفوظ ہو جائے گی اور آپ کے مقررہ دن اور وقت پر انٹرنیٹ نہ ہونے یا سمارٹ فون بند ہونے کے باوجود خود بخود چلی جائے گی۔

دو نئے آئی پیڈز

ایپل نے پیر کو خاموشی سے اپنی ویب سائٹ پر دو نئے آئی پیڈز فروخت کے لیے پیش کر دیے۔

آئی پیڈ 10.5 ایئر اور آئی پیڈ مـنی اگلے ہفتے سے ایپل سٹورز پر دستیاب ہوں گے۔

اے 12 بائیونک چپ اور جدید ریٹینا ڈسپلے کی حامل دونوں نئی ڈیوائسز ایپل پین کے ساتھ استعمال ہوسکتی ہیں۔

آئی پیڈ ایئر اور آئی پیڈ منی کی قیمتیں بالترتیب 499 ڈالرز اور399 ڈالرز سے شروع ہوں گی۔

کلاشنکوف سے حملہ کرنے والا  ڈرون

روس کی اسلحہ بنانے والی کمپنی الماز انٹے ایک ایسا ڈرون تیار کرنے جا رہی ہے جس میں مشہور زمانہ اے  کے 47 کلاشنکوف جیسی بندوق نصب ہوگی۔

فیوچریزم نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ الماز انٹے نے گزشتہ مہینے روسی فیڈرل سروس میں ایک پیٹنٹ فائل کیا ہے، جس سے نئے ڈرون کا ڈیزائن سامنے آیا ہے۔

نئے ڈرون کی مکمل تفصیلات دستیاب نہیں جبکہ ماہرین بھی اس ڈیزائن کے کامیاب ہونے کے حوالے سے شکوک و شبہات کا شکار ہیں۔

انسٹاگرام سے براہ راست شاپنگ کریں

امریکہ میں انسٹاگرام صارفین اب ایپ پر ’چیک آؤٹ‘ فیچر کے ذریعے براہ راست شاپنگ کرسکیں گے۔

انسٹا گرام کا کہنا ہے کہ اُس نے 20 سے زائد برانڈز کے ساتھ پارٹنر شپ کی ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انسٹاگرام پر 130ملین سے زائد صارفین ماہانہ شاپنگ پوسٹس پر موجود مصنوعات پر کلک کرتےہیں۔ 

’مصنوعی ذہانت اور ایٹمی ہتھیار ایک جیسے‘

مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے جدید مصنوعی ذہانت کا ایٹمی ہتھیاروں سے موازنہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ امریکہ مصنوعی ذہانت کی عالمی تحقیق کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا ہے۔

گیٹس نے سٹین فورڈ میں ایک تقریب کے دوران کہا: ’دنیا کے پاس ایسی ٹیکنالوجیاں بہت کم ہیں جو بیک وقت فائدہ مند اور خطرناک ہوں۔‘

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی صحت اور ادویات کے شعبوں میں مدد گار ثابت ہو سکتی ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی