میری بیٹی کے بال واپس کر دیں: ماں کی چوروں سے اپیل

کرسٹی بالڈوِن کا کہنا ہے کہ ان کا دستی بیگ مانچسٹر کے قریب ان کی گاڑی کی سیٹ سے چوری کیا گیا تھا جس میں ان کی بیٹی کے بال ہیں۔

تصویر: گریٹر مانچسٹر پولیس

ایک برطانوی خاتون نے چوروں سے ان کا دستی بیگ واپس کرنے کرنے کی اپیل کی ہے جس میں ان کے مطابق ان کی سب سے قیمتی چیز موجود ہے۔

اس دستی بیگ میں موجود یہ قیمتی چیز ان کی دو سالہ بیٹی جو دو سال کی عمر میں انتقال کر گئی تھی کے بالوں کی لٹ ہے۔

35 سالہ کرسٹی بالڈوِن کا کہنا ہے کہ ان کا دستی بیگ مانچسٹر کے قریب ان کی گاڑی کی سیٹ سے چوری کیا گیا تھا۔  

بالڈوِن کی بیٹی ایلی لوئس 2013 میں سانس کی نالی میں نمونیہ کے باعث اچانک ہلاک ہو گئی تھیں۔ ان کے ہینڈ بیگ میں لوئس کے بالوں کا گچھا موجود تھا جو انھوں نے بطور نشانی اپنے پاس محفوظ رکھا تھا۔  

اپنے ایک بیان میں کرسٹی بالڈوِن نے کہا: ’ہماری بیٹی غیر متوقع طور پر نمونیہ کے باعث ہلاک ہو گئی تھی اور ہمارے پاس اس کے کپڑوں کے، جو اس نے آخری بار پہن رکھے تھے، اور اس کے بالوں کی لٹ کے علاوہ کچھ نہیں بچا۔‘

ان نے اپنی اپیل میں کہا: ’برائے مہربانی، تصویر میں دکھائی دینے والی بالوں کی لٹ جس کو مِلے وہ اپنے قریب ترین پولیس سٹیشن پہنچا دے، شکریہ۔‘

پولیس اس بارے میں کیا کہتی ہے؟

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ کسی بھی صورتحال میں چوری کی واردات افسوس ناک ہوتی ہے تاہم اس واردات کے بعد بیلڈوِن خاندان ٹوٹ کر رہ گیا ہے۔

پولیس بیان میں کہا گیا ہے: ’بالوں کی یہ لٹ خاتون کے لیے بیش قیمت ہے جس کا کوئی متبادل نہیں ہو سکتا، اور وہ اسے واپس پانے کے لیے بےچین ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ مجرم یا جس کسی کو بھی اس چوری کی واردات کے بارے میں معلومات ہیں وہ جلد از جلد اسے واپس کرنے میں ہماری مدد کریں گے۔‘

پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ہینڈ بیگ میں بالوں کی لٹ کے ساتھ ایک آئی پیڈ، یورو کی صورت میں بھاری رقم اور ایک میمری کارڈ موجود تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا