کووڈ 19 کے '19 نکات' بتانے پر 'زرتاج گل کے لیے تالیاں'

پی ٹی وی کے ایک پروگرام میں وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل کی جانب سے بتائے گئے کووڈ 19 کے مطلب کے بعد انہیں طنز و تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل (تصویر: فیس بک)

وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل اکثر و بیشتر اپنے 'منفرد' بیانات کی وجہ سے خبروں میں اِن رہتی ہیں اور آج پھر پاکستان کے ٹوئٹر ٹرینڈز میں ان کے چرچے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

18 جون کو زرتاج گل نے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) نیوز کے پروگرام 'سچ کے ساتھ' میں شرکت کی، جہاں میزبان انوار الحسن سے گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی حکومت نے کرونا (کورونا) وائرس  سے بچاؤ اور نمٹنے کے لیے کون کون سے اقدامات اٹھائے ہیں۔

 تاہم اسی گفتگو کے دوران انہوں نے کرونا وائرس کے سائنسی نام 'کووڈ 19' کا بھی مطلب بتا دیا۔

زرتاج گل نے کہا: 'کوڈ 19 کا مطلب ہے کہ اس کے 19 پوائنٹس ہیں جو کسی بھی ملک میں کسی بھی طرح اپلائی ہوسکتے ہیں۔'

پروگرام کا یہ کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور لوگ زرتاج گل پر تنقید کرنے کے ساتھ ساتھ مذاق کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔

ایک صارف نے میم شیئر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں لکھا: زرتاج گل کے لیے تالیاں۔'

ذوہیب احمد نامی صارف نے ایک میم کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کچھ یوں کیا۔

حنا کشمیری نامی ایک صارف نے لکھا: 'میں زرتاج گل کی عقل اور معلومات پر حیران ہوں۔'

جہاں لوگ زرتاج گل پر تنقید کر رہے ہیں، وہیں ایک صارف نے وفاقی وزیر کی حمایت میں بات کرتے ہوئے لکھا کہ 'ان پر بے بنیاد تنقید کی جا رہی ہے،لیکن ایسے لوگوں سے کیا امید کی جاسکتی ہے۔'

ایک صارف نے لکھا کہ ہم سے تو آج تک قائداعظم کے 14 نکات یاد نہ ہوئے، زرتاج گل کے 19 نکات کیسے یاد کریں گے؟

اس تمام تنقید اور طنز و مذاق کے بعد زرتاج گل نے وضاحتی ٹویٹ میں اپنی غلطی تسلیم کی اور لکھا کہ 'میں روزانہ ٹی وی پر پرچی کے بغیر گھنٹوں بات کرتی ہوں۔'

انہوں نے مزید لکھا کہ وہ کہنا چاہتی تھیں کہ وبا کا اثر اور شدت مختلف ممالک میں مختلف ہے۔

ساتھ ہی وفاقی وزیر نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'چند لمحوں کی خطا پر یوں ماتم کناں ہونے کی بجائے اپنی جماعتوں کے حشر نشر پر توجہ دیں تو شاید ان کے حق میں بہتر ہو۔ میں  تنقید سے نہیں گھبراتی بلکہ مضبوط ہوتی ہوں۔'

واضح رہے کہ رواں برس مارچ میں انڈپینڈنٹ اردو کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں زرتاج گل نے دعویٰ کیا تھا کہ 'ڈینگی کی طرح کرونا وائرس بھی اب ہر سال آیا کرے گا۔'

ان کا کہنا تھا: 'میں ڈاکٹر تو نہیں لیکن یہ کہہ سکتی ہوں کہ گرم موسم میں اس وائرس کی زندگی کم ہو جاتی ہے۔ یہ وائرس اب رہے گا، یہ دنیا سے مکمل ختم نہیں ہو گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل